چوہدری پرویز الٰہی سے سوئٹرز لینڈ کے سفیر کی ملاقات، بجلی منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

Published: 01-12-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں سوئٹزر لینڈ کے سفیر جارج سٹینر نے ملاقات کی،جس میں  باہمی تعلقات اوردوطرفہ تجارت میں اضافے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیااورپن بجلی کے منصوبوں،ڈیری فارمنگ،موسمیاتی تبدیلیوں،سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ سوئس سفیر نے پن بجلی کے منصوبوں میں پنجاب حکومت کو معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے سوئٹزرلینڈ کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے دریائے چناب پر ہائیڈل پراجیکٹس بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ہائیڈل پراجیکٹس سے سیلاب سے ہونے والی تباہی سے بچا جا سکے گااوران پراجیکٹس کی تعمیر سے زرعی مقاصد کے لئے پانی ذخیرہ کیاجاسکے گا۔ہائیڈل پراجیکٹس کی تعمیر میں سوئٹزرلینڈ کی کمپنیوں کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان سب سے زیادہ متاثرہوا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے بین الاقوامی سطح پر مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے سپیشل اکنامک زونز بنائے گئے ہیں۔سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ٹیکس کی چھوٹ کے ساتھ تمام یوٹیلٹیز سپیشل اکنامک زونز میں فراہم کی گئی ہیں۔سوئس سرمایہ کار سپیشل اکنامک زونز میں دل کھول کر سرمایہ کاری کریں،پنجاب حکومت مکمل سپورٹ فراہم کرے گی اورسرمایہ کاروں کی انوسٹمنٹ کا تحفظ یقینی بنایاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے کارپوریٹ فارمنگ پالیسی کو حتمی شکل دے دی ہے۔سوئس کمپنیاں کارپوریٹ فارمنگ پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کے لئے خصوصی اقدامات سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سیاسی منظرنامے پر اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن سرمایہ کارو ں کے لئے پالیسیاں میں یکسانیت رہتی ہے۔سوئس سفیر نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کو سوئٹزرلینڈ کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب ایک اہم صوبہ ہے اورآپ کی قیادت میں آگے بڑھ رہا ہے۔خوشی ہے کہ پنجاب کی فیکٹریوں میں اعلی معیار کی اشیاء کی پروڈکشن ہورہی ہے۔کاروباری معاونت بڑھانے کیلئے چودھری پرویز الٰہی کا ویژن قابل تحسین ہے۔پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے پائیدار اقدامات کریں گے۔سینئر پولیٹیکل مشیر اسامہ قیصر خان،سابق وفاقی سیکرٹری و چیئرمین پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ بورڈ سلمان غنی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آج کا اخبار
اشتہارات