Published: 10-12-2022
لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ شریف خاندان سمیت شہبازشریف نے کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا۔شہبازشریف15سال وزیراعلیٰ رہا،صوبے کے عوام کی فلاح کیلئے ایک بھی پائیدار کام نہیں کیا۔میں نے ریسکیو1122اوردیگر ادارے بنائے،جو آج بھی عوام کی خدمت کررہے ہیں۔شہبازشریف نے آشیانہ بنایا اوراس میں بھی پکڑا گیا۔شرم الشیخ میں جاکر بھی شہبازشریف کو شرم نہ آئی اوروہاں بھی مانگنا شروع کردیا۔شہبازشریف نے کہا کہ میں مانگنے تو نہیں آیا لیکن مجبوری بہت ہے۔ہمیں تو ڈر تھا یہ کہیں ان سے واپسی کا ٹکٹ بھی نہ مانگ لے۔وہ آج الحمراء میں انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ شریف خاندان 30برس سے حکمرانی کررہا ہے۔شریف خاندان نے عوام کے بارے میں ذرا نہیں سوچا۔یہ خا ندان صرف اپنے ہی بارے میں سوچتا ہے او ر اپنا پیٹ بھرتے ہیں۔کہتے ہیں ہم نے دھیلے کی کرپشن نہیں کی،بھائی دھیلا ہوتا کیاہے۔ان کے اپنے لوگ کہتے ہیں،یہ سب کچھ خود کرتے ہیں اور ہمیں کرپشن کرنے دیتے ہیں نہ ہم تک کرپشن آنے دیتے ہیں۔میں ان کے ساتھ 15برس رہا،سب کو اچھی طرح جانتا ہوں۔ اب کچھ لوگ داؤ لگا کر بیٹھے ہیں اورکچھ جال بچھا کربیٹھے ہیں۔ہمارے قائد عمران خان نے عوام میں اتنا شعور بیدار کردیا ہے کہ اب کوئی مچھلی نظر نہیں آئے گی۔یہ لوگ باہر جہاں بھی جاتے ہیں تو چورچور کے نعرے لگتے ہیں۔سٹور پر جائیں یا ریسٹورنٹ میں کھانے پرلوگ چور چورپکارتے ہیں۔ان سے کھانا کھایا جاتا ہے نہ شاپنگ کی جاتی ہے۔یہ لوگ شاپنگ اورکھانا چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں۔پی ٹی آئی نے ان لوگوں کا بہترین حل ڈھونڈا ہے،جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہمارا ہر حکومت نے احتساب کیا ہے۔1977میں پہلی مرتبہ الیکشن لڑا،تب سے ہر حکومت نے ہمارے احتساب کا شوق پورا کیاہے۔خود احتسابی کی آواز اندر سے آتی ہے۔ اندر سے آواز آئیگی اوراللہ کا خوف ہوگاتو بدعنوانی خود کم ہوگی۔جب اللہ کا ہاتھ اوپر آجاتا ہے توکرپشن کرنے والا ہاتھ رک جاتا ہے اورآپ کے ہر کام میں برکت پڑتی ہے۔کرپشن کے خلاف جہاد ہمارے ایمان کا حصہ ہونا چاہیے۔ایمان مضبوط ہوتو کرپشن کا سوچا ہی نہیں جاسکتااورپھر اینٹی کرپشن جیسے اداروں کی ضرورت نہیں پڑتی۔انہوں نے کہاکہ اینٹی کرپشن سے متعلقہ قوانین پرانے ہوچکے ہیں،ان کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔پنجاب حکومت ان قوانین کو بہتربنانے کیلئے پوری سپورٹ دے گی۔جہاں ضرورت ہوئی قانون سازی کی جائے گی اورخامیوں کو دورکریں گے۔ضرورت پڑی تو عدلیہ کے ساتھ بھی مشاورت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے قائد عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں اصلاحات کا ایجنڈا لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ہر روز کوشش ہوتی ہے کہ عام آدمی اوران کے بچوں کی فلاح کیلئے کوئی قابل ذکر کام کروں۔ خود احتسابی کوہمیں اپنی زندگیوں پر لاگو کرنا ہوگا۔عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اورانہوں نے کرپشن کے خلاف آواز بلند کی ہے۔کرپشن کے خاتمے اورخود احتسابی کے ذ ریعے ہی پاکستان آگے بڑھے گا۔نا امیدی گناہ ہے،ہم محنت اورکوشش کرتے رہیں،اللہ تعالیٰ برکت ڈالے گا۔پاکستان کی عزت اوروقار میں اضافہ ہوگا۔صوبائی مشیر بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی اوران کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔اینٹی کرپشن نے238ارب روپے ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کرائے،جو ان کی محنت اوربہترین حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔اینٹی کرپشن کے ادارے نے فرض شناسی کی اچھی مثال قائم کی ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اینٹی کرپشن کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا اور کہاکہ اینٹی کرپشن کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں گے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اینٹی کرپشن کے افسروں اورعملے میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کے حوالے سے الحمراء میں واک کی قیادت کی۔صوبائی مشیربرائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔صوبائی مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ،صوبائی مشیر عامر سعید راں،صوبائی مشیر رفاقت گیلانی،معروف دانشوروشاعرامجد اسلام امجد،ڈی جی اینٹی کرپشن اسٹبلیشمنٹ،سیکرٹری اطلاعات اوردیگرحکام نے تقریب میں شرکت کی۔