Published: 13-12-2022
لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہیاور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں سابق وفاقی وزیر زرتاج گل نے ملاقات کی،جس میں سیاسی صورتحال اور ڈیرہ غازی خان کے ترقیاتی منصوبوں پر گفتگوکی گئی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔غلط فہمیاں پیدا کرنے والے پہلے کی طرح ناکام رہیں گے۔ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔13 جماعتوں کا اتحاد اکیلے عمران خان کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے۔ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں عوامی نمائندوں کی مشاورت یقینی بنائی گئی ہے۔ترقی ڈیرہ غازی خان کے عوام کا حق ہے،عوام کو یہ حق ضرور دیں گے۔انہوں نے کہا کہ سردار فتح محمد خان بزدار انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی عوامی فلاح وبہبود کا منصوبہ ہے۔ کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹروں کو سپیشل الاؤنس دینے کی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سے بلوچستان کے عوام بھی مستفید ہوسکیں گے۔ زرتاج گل نے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی عوام کی خدمت اور فلاح کا قابل قدر ویژن رکھتے ہیں۔چودھری پرویزالٰہی ڈی جی خان کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مخلص او رمتحرک ہیں۔ ہمایوں خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔