جرمن کمپنی لاہور میں کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کا پراجیکٹ لگانے پر آمادہ

Published: 13-12-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں جرمن کمپنی اینو ویٹو ٹیکنو پلس کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکاستن وینس کے (Mr.Carsten Wenske) کی قیادت میں سرمایہکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ جرمن کمپنی نے لاہور میں کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کاپراجیکٹ لگانے پر آمادگی کا اظہار کیا اور سولرپینل مینوفیکچرنگ میں بھی سرمایہ کاری کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ سے سستی بجلی ملے گی۔پنجاب کابینہ نے ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کیلئے ای او آئی (ایکسپریشن آف انٹرسٹ) کی منظوری دے دی ہے۔ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ سے حاصل ہونے والی بجلی براہ راست انڈسٹریل اسٹیٹس کو دی جائے گی اور ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جائے گا۔ ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ سے حاصل ہونے والی بجلی کی پیداواری لاگت میں 50 فیصد سے زیادہ کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ پر توجہ نہ دے کر مجرمانہ غفلت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سٹریٹ لائٹس کا نظام سولر پر منتقل کرنے کافیصلہ کیا ہے جبکہ کمشنر ز آفس، سپورٹس گراؤنڈزاور دیگر ادارے سولر انرجی پر منتقل کئے جائیں گے اور پنجاب میں بجلی کی ترسیل کے لئے ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی قائم کی جائے گی۔پاکستانی نژاد جرمن سرمایہ کاروں کے وفد میں محمد آصف، عبدالجبار، انجم منیر اور تنویر شاہ شامل تھے۔ ایم پی اے ساجد بھٹی،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری توانائی، سیکرٹری صنعت، چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آج کا اخبار
اشتہارات