Published: 20-11-2022
لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تبلیغی جماعت پر سعودی عرب میں عائد پابندی ختم کرا کر بہت بڑی دینی خدمت سرانجام دی -تبلیغی جماعت پر پابندی عائد ہونے کے بعد میں نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعو دی عرب کے شاہ ولی عہد سے بات کرنے کی استدعا کی-جنرل قمر جاوید باجوہ نے میری استدعا پر سعو دی ولی عہد سے تبلیغی جماعت پر پابندی ہٹانے کی درخواست کی جو مان لی گئی -جنرل قمر جاوید باجوہ کی دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے- جنرل قمر جاوید باجوہ کو تبلیغی جماعت پر سعودی عرب میں پابندی ہٹوانے پر ہمیشہ اجر پہنچتا رہے گا -رائے ونڈ روڈ پر تین رابطہ سڑکوں کا افتتاح کرنے کے بعد پاجیاں چوک پر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ طلبہ کو ترجمہ اور ناظرہ قرآن مجید کے فیصلے کا اجر عمران خان اور ساری پی ٹی آئی کو ملے گا - جو کام ہم نے کیا ہے وہ رہتی دنیا تک یا درہے گا،جب سے پاکستان بنا ہے یہ کام نہیں ہوا- وزیر اعلی پرویز الٰہی نے کہا کہ تبلیغی جماعت دنیا بھر کے مسلمانوں کا چہرہ ہے -بعض لوگوں کی وجہ سے بد قسمتی سے دنیا بھر میں مسلمانوں کا مثبت تشخص متاثر ہوا-رائے ونڈ کے نام سے بھی محبت ہے -اپنے پہلے دور اقتدار میں رائے ونڈ میں 30 ہزار کی گنجائش والی مسجد بنائی، آج بھی دنیا بھر سے جماعتیں وہاں آتی ہیں -چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سب محکمو ں کو رائے ونڈ کے ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کر دی ہے -رائے ونڈ کے ترقیاتی منصبو ں کے لئے متعلقہ محکمے آج ہی متحرک ہوں اور مارچ تک تکمیل کا ہدف پورا کریں - رائے ونڈ کے علاقے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پٹرولنگ پوسٹ اور ایمرجنسی امداد کے لئے ریسکیو 1122 مراکز قائم کئے جا رہے ہیں -چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نئی نسل میں دین کا بیج بونا ضروری ہے -نوجوانو ں میں منشیات سے نجات کے لئے قانون سازی سمیت متعدد اقدامات کر رہے ہیں -دعا ہے اللہ تعالی ہمیں دین کی خدمت اور کام کرنے کی توفیق اور موقع دے-انہو ں نے کہا کہ علماء کے مشورے سے نماز جمعہ میں عربی خطبے کے ساتھ ساتھ اردو ترجمہ بھی سنانے کا فیصلہ کر رہے ہیں -نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل نہ ہونے سے دھوکہ دہی کی جاتی تھی- چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ رائے ونڈ کا تبلیغی اجتماع پاکستان ہی نہیں بلکہ شاید دنیا بھر میں منعقد ہونے والا سب سے بڑا تبلیغی اجتماع ہے۔اجتماع میں اہل ایمان اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے آتے ہیں اور فیضیاب ہوتے ہیں۔ تبلیغی اجتماع میں آنے والے شرکاء ہمارے مہمان ہیں، ان کی سہولت اور آسانی کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔رائے ونڈ کے تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی آسانی کیلئے ہم نے انفراسٹرکچر بہتر بنانے اور اسے توسیع دینے کافیصلہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے رائے ونڈ کے لئے تین سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی اور دعائے خیر کی- ایم پی اے حافظ عمار یاسرنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنا چودھری پرویز الٰہی کا زندہ و جاوید کارنامہ ہے -چودھری پرویز الٰہی کو عوام کی خدمت کا مشن وارثت میں ملا ہے - حافظ عمار یاسر نے کہا کہتبلیغی جماعت پر سعو دی عرب میں پابندی اٹھوانے پر جنرل قمر جاوید باجوہ کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی- حضرت محمد ؐ کی عزت کا پاس کرنے والے دنیا اور آخرت میں عزت پاتے ہیں - ڈی جی ایل ڈی اے عامر احمد خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاجیاں چوک تا سندر روڈ بائی پاس اجتماع چو ک تک تعمیر کی گئی ہے -کھارا چوک تا سندر روڈ، رائے ونڈ بائی پاس سبزی منڈی تک بنائی گئی ہے - رائے ونڈ روڈ تا رائے ونڈ بائی پاس تک متبادل راستہ بنایا گیا ہے -ایک ارب 13 کروڑ روپے سے بننے والی ان روڈ ز سے 20 لاکھ مسافر 30 ہزار گاڑیوں کے مالکان مستفید ہوں گے-نئی روڈز بننے سے رائے ونڈ اور گرد و نواح کی آبادیوں کے لاکھوں لوگ مستفید ہوں گے-تبلیغی جماعت کی مرکزی شوریٰ کے رکن امتیاز احمد غنی، میاں احسن، ڈاکٹر ندیم اشرف، چودھری راسخ الٰہی اور ایم پی اے حافظ عمار یاسر،ایم این اے ملک کرامت علی کھوکھر، ارکان صوبائی اسمبلی ملک ندیم عباس، شبیر احمد، سرفراز حسین، ملک ظہیر عباس، سابق ایم پی اے عبدالرشید بھٹی، ٹکٹ ہولڈر احمر بھٹی اور دیگر نے شرکت کی-اس موقع پر سی سی پی او غلام محمود ڈوگر،سیکرٹری اطلاعات آصف بلال لودھی، کمشنر لاہورڈویژن عامر جان،، سی پی او ڈاکٹر اسد ملہی،متعلقہ سیکرٹریز اور دیگر حکام بھی موجود تھے-