Published: 22-11-2022
گجرات(اسجد نواز وڑائچ سے) چیئرمین القاسم ٹرسٹ صوفی امانت علی نے کہا ہے کہ بزرگان ڈھوڈا شریف کا سالانہ عرس مبارک23 اور24 نومبر کو عظیم الشان انداز سے منایا جائیگا۔ اس حوالے سے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ مریدین و زائرین کیلئے سکیورٹی کے فل پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ داخلی و خارجی دروازوں پر سکیورٹی چیک پوسٹ قائم کی جائینگی۔ القاسم ٹرسٹ کے زیر انتظام دو روزہ سالانہ عرس مبارک کا آغاز 23 نومبر کو غسل پاک سے آغاز ہو گا۔ بعد از نماز عشاء تا رات گئے تلاوت، نعت اور علماء کرام کا بیان ہو گا۔24 نومبر کو صبح 9 بجے تا نماز ظہر عرس مبارک کی دوسری نشست وقوع پذیر ہو گی۔ انہوں نے آنے والے زائرین سے نظم و ضبط اور انتظامیہ سے تعاون کی خصوصی اپیل کی ہے۔ ملک بھر سے علماء و مشائخ حضرات ڈھوڈا شریف کا رخ کرینگے۔ ان کا کہنا ہے کہ بزرگان ڈھوڈا شریف نے اپنی ساری زندگی دین کی ترویج و تبلیغ کیلئے وقف کی۔ دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل رہے۔ القاسم ٹرسٹ بزرگان ڈھوڈا شریف کے افکار اور طریقت پر اخلاص کے ساتھ عمل پیرا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صاحبزادہ حضرت پیر محمد احمد قادری ؒ کے ارشاد کے مطابق پاک کلام اور درود شریف کا ورد کر کے ایصال ثواب کی غرض سے ساتھ لائیں۔ عرس مبارک کے اختتام پر حفاظ و درس نظامی کورس مکمل کرنے والے طلباء کی دستار بندی بھی کی جائے گی۔