Published: 30-09-2022
اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کی ٹیم کی سائفر کے حوالے سے ایک اور آڈیو منظرعام پر آگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آڈیو لیکس کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم ہاؤس کی آڈیو لیک ہونے کے بعد اب تحریک انصاف کی آڈیو لیک ہورہی ہیں، آج جمعہ کو سائفر کے حوالے سے مبینہ طور پر عمران خان اور ان کی ٹیم کی گفتگو کی ایک اور آڈیو ’’سائفر کی سازشی کہانی پارٹ ٹو‘‘کے نام سے سامنے آگئی۔
آڈیو میں عمران خان نے کہا کہ شاہ جی ہم نے کل ایک میٹنگ کرنی ہے آپ نے ہم تینوں نے (عمران خان، اعظم خان، شاہ محمود قریشی) اور فارن سیکریٹری نے، میٹنگ میں ہمیں یہ کہنا ہے کہ وہ جو لیٹر ہے اس کے چپ کرکے مرضی کے منٹس لکھ دے، اعظم خان کہہ رہا ہے کہ اس کے منٹس بنالیتے ہیں اور فوٹو اسٹیٹ کرکے رکھ لیتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم خان نے کہا کہ لیٹر آٹھ تاریخ کو آیا جس پر عمران خان نے کہا کہ یہ میٹنگ سات تاریخ کو ہوئی، ہم نے کسی بھی صورت امریکیوں کا نام نہیں لینا لیکن یہ ایشو ہے اس لیے پلیز کسی کے منہ سے ملک کا نام نہیں نکلے۔
عمران خان نے رہنماؤں سے کہا کہ یہ معاملہ بہت اہم ہے کہ کس ملک سے لیٹر آیا، میں کسی کے منہ سے اس کا نام سننا نہیں چاہتا۔
اسد عمر بولے کہ آپ جان کر اسے لیٹر کہہ رہے ہیں؟ یہ لیٹر نہیں ہے بلکہ میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے اس پر عمران خان نے تسلیم کیا کہ یہ میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے اور کہا کہ ٹرانسکرپٹ یا لیٹر ایک ہی چیز ہے، لوگوں کو ٹرانسکرپٹ کا نہیں معلوم عوامی جلسوں میں ایسے ہی کہتے ہیں۔