عمران خان اور مارچ شرکاء کے تحفظ کیلئے فول پرویف سیکیورتی پلان، چوہدری پرویز الٰہی

Published: 26-11-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے یہاں وزیراعلیٰ آفس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ملاقات کی،جس میں سیاسی صورتحال اورحقیقی آزادی مارچ کے تیسرے مرحلے کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء کو فول پروف سکیورٹی کے انتظامات مکمل ہیں۔راولپنڈی میں عمران خان اورمارچ کے شرکاء کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔فول پروف سکیورٹی پلان پرعملدر آمد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ نے عزت دی ہے۔ پنجاب میں ہماری حکومت عوام کی فلاح کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جومرضی آئے یا جائے،پنجاب میں کوئی بھی سیاسی مہم جوئی کامیاب نہیں ہوگی۔پہلے بھی دعوے کیے گئے لیکن مخالفین کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملا اوراب بھی مخالفین ناکام رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ ہر آنے والے دن نیچے ہی نیچے جارہی ہے۔ پنجاب حکومت حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء کی حفاظت کا فریضہ بطریق احسن سرانجام دے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر ہیں اور عمران خان نے قوم کو خوداری اورعزت سے جینے کا راستہ دکھایاہے۔عمران خان نے پاکستانی قوم کوحقیقی آزادی کا پیغام دیا ہے۔عوام عمران خان کیساتھ ہیں۔فواد چوہدری نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو جہلم کے دورہ کی دعوت دی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پہلی فرصت میں جہلم آؤں گا اورعوامی فلاح کے منصوبے کا اعلان کروں گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء کیلئے بہترین انتظامات کیے ہیں۔پہلے بھی حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء پرامن رہے اورآئندہ بھی پرامن رہیں گے۔

آج کا اخبار
اشتہارات