Published: 27-11-2022
لاہو(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے یہاں وزیراعلیٰ آفس میں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اے پی این ایس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الحمداللہ سیاسی صورتحال کنٹرول میں ہے۔جب تک اللہ نہ چاہے،پنجاب حکومت کو کچھ نہیں ہوگا۔اللہ تعالیٰ نے عہدہ دیا، جو چیز اللہ دیتا ہے اسے کوئی نہیں چھین سکتا۔پنجاب حکومت اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے قائم و دائم ہے،مدت پوری کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مختصر عرصے میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے بے پناہ کام کیاہے۔ ہماری نیت نیک اورسمت درست ہے۔اللہ تعالیٰ نے موقع دیا عوام کی خدمت کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہاکہ سب اللہ تعالیٰ کا فضل وکرم ہے، اللہ تعالیٰ کو یاد کرکے فیصلے کرتے ہیں جس کا پھل بھی ملتا ہے اور اب ہمیں نیت کا پھل مل رہاہے کسی سے کوئی بعض نہیں،مثبت سوچ رکھتے ہیں۔دو، اڑھائی ماہ میں سال سے زیادہ کام کر کے دکھایا۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے اخبارات کے واجبات ایک ماہ کے اندر ادا کرنے کاحکم دے دیااورمزید کہاکہ علاقائی اخبارات کو 25فیصدکوٹہ ملے گا،کلراشتہار بھی دئیے جائیں گے۔صدر آل پاکستانی نیوز پیپرز سوسائٹی سرمد علی نے کہاکہ چودھری پرویزالٰہی میڈیا فرینڈلی وزیراعلی ہیں ہمیشہ اخبارات کو سپورٹ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے اخبارات کے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ دست شفقت رکھا۔ خوشنود علی خان نے کہاکہ جب سے آپ آئے ہیں اخبارات کو ادائیگیاں شروع ہوگئی ہیں۔ملاقات میں عمومی سیاسی صورتحال اوراخبارات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ صدر سرمد علی، نائب صدور جمیل اطہر، شہاب زبیری، سیکرٹری جنرل ناز آفرین سہگل لاکھانی، جوائنٹ سیکرٹری محسن بلال، سیکرٹری فنانس محمد اویس خوشنود، مجیب الرحمن شامی، سید سجاد بخاری، ممتاز اے طاہر، خوشنود علی خان، صبا عمر یوسف، محمد یونس مہر، سید ممتاز احمد شاہ، قاسم علی، سید محمد منیر جیلانی، عمر مجیب شامی، ہمایوں گلزار، ڈاکٹر تنویر اے طاہر اور دیگر شامل تھے۔پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سیکرٹری اطلاعات آصف بلال لودھی،پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ اقبال چودھری اورڈی جی پی آر افرازاحمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔