وزیر اعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی سے یاسمین قریشی کی ملاقات

Published: 27-11-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک)   وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ہاؤس آف کامنز برطانیہ میں پاکستان کے بارے میں آل پارٹی پارلیمانی گروپ کی کو چیئر وممبر پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اورپاک برطانیہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ ممبر پارلیمنٹ ہاؤس آف کامنز برطانیہ یاسمین قریشی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے سابقہ دور میں عوامی فلاح کے بے پناہ منصوبے مکمل کئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے ویژن سے پنجاب کو بہترین اورسرپلس صوبہ بنایا اور ان کے ہرشعبے میں مثبت کام آج بھی لوگوں کو یاد ہیں۔یاسمین قریشی نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی عوامی خدمت پریقین رکھتے ہیں اور اب بھی مختصر عرصے میں چودھری پر ویزالٰہی نے کئی برس کا کام کیا ہے۔اوورسیز پاکستانیز چودھری پرویزالٰہی کے فلاحی منصوبوں کوسراہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔ عمران خان کے دور میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا گیا۔ افسوس کا مقام ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کیا۔موجودہ وفاقی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کی قاتل ہے۔بیرون ملک بسنے والے آئندہ موجودہ وفاقی حکومت میں شامل کسی جماعت پر اعتبار نہیں کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو وطن کے سفیر سمجھتے ہیں۔اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی لا رہے ہیں۔یاسمین قریشی کے شوہرندیم اشرف بٹ،سابق صوبائی وزیرمیاں عمران مسعود،چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آج کا اخبار
اشتہارات