Published: 07-10-2022
لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لانگ مارچ کے وقت جو کہیں گے اس پر عمل کریں گے۔ رانا ثناء اللہ اپنے اردگرد دیکھ لیں کہ کس کی حکومتیں ہیں۔ پنجاب عمران خان کا اپنا ہے۔ خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی عمران خان کا اپنا ہے۔ لانگ مارچ ہوا تو رانا ثناء اللہ کو کھڑے ہونے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سے ملنے کا کوئی شوق ہے نہ ہی ان سے ملنا چاہتا ہوں۔ کافی عرصہ ساتھ رہنے کے بعد انسان کو سیکھ جانا چاہیئے، مجھے ان کے گھر کے ایک ایک شخص کا علم ہے۔ ان لوگوں نے ہمارے ملک کا برا حال کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب کے دوران شہباز شریف نے پنجاب کے ساتھ بالکل اچھا سلوک نہیں کیا۔افسوس ہوتا ہے کہ پنجاب نے شریف خاندان کو دو تین دفعہ وزیراعلیٰ اور وزیراعظم بنایا لیکن ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے انہو ں نے ایک پیسہ تک نہیں دیا۔ عمران خان نے اپنے ویژن اور سوچ کے ذریعے سیلاب متاثرین کیلئے بھرپور عطیات جمع کئے۔عمران خان کی مقبولیت کی وجہ سے کامیاب ٹیلی تھون ہوئی جس میں میں بھی شامل تھا۔ہم نے ٹیلی تھون کے ذریعے اڑھائی ارب روپے جمع کئے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے معصوم خواتین اور بچوں پر گولیاں چلائیں۔ رانا ثناء اللہ کا اعترافی بیان اسمبلی میں موجود ہے جو ہم بطور ثبوت عدالت کو دینے جا رہے ہیں۔ وہاں پر اس نے یہی کہا تھا کہ ریاست کے اندر ریاست بن رہی تھی، ہم نے اور بھی کرنا تھا۔رانا ثناء اللہ سمجھتے تھے کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے مایہ ناز وکلاء، سیکرٹری قانون اور ایڈووکیٹ جنرل پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انہیں سزائیں ہوں گی۔