Published: 22-12-2022
گجرات(ارشد علی سے) گزشتہ روز علی الصبح جی ٹی روڈبائی پاس سبزی منڈی کے سامنے مراڑیاں کے قریب ٹرک نے چنگ چی رکشے کو کچل دیا۔ حادثے کے باعث رکشے میں سوار 5 افراد حاجی راجہ صادق عمر60 سال، عبد الشکور عمر60 سال، فضل حسین عرف کاکا ساکنائے محلہ باغ باوا پرانی سبزی منڈی، مرزا امجد بیگ، محمد شفیق ساکنائے محلہ فتو پورہ جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ شدید دھند کے باعث پیش آیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونیوالے افراد کی نعشیں مسخ ہو گئیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس تھانہ رحمانیہ اور ریسکیو اہلکار فوری موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے نعشوں کو ہسپتال پہنچایا۔ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس تھانہ رحمانیہ نے ٹرک کو قبضے میں لے لیا۔ متوفیان چنگ چی رکشے پر سبزی منڈی گجرات جا رہے تھے اور سبزی کے کاروبار سے وابستہ تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی محلہ باغ باوا اور محلہ فتو پورہ سوگ میں ڈوب گئے اور شہریوں نے بڑی تعداد میں جاں بحق والے افراد کے گھروں میں جا کر ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں پیپلز پارٹی گجرات سٹی کے سابق سینئر نائب صدر حاجی راجہ صادق بھی شامل ہیں۔ متوفیان کو آبائی قبرستان باغ باوا اور فتو پورہ میں سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔