Published: 05-01-2023
گجرات(احسان اللہ اعظم سے) ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے پیف کے تعلیمی منصوبوں فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکول پروگرام، ایجوکیشن واؤچرسکیم اور نیو سکول پروگرام سے منسلک 13 پیف پارٹنرز کے وفد نے گزشتہ روزپیف صدر دفتر میں منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن منظر جاوید علی سے ملاقات کی۔میٹنگ میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن)ثمینہ نواز نے بھی شرکت کی۔ ایم ڈی پیف نے تمام پارٹنرز کو خوش آمدید کہا۔ میٹنگ کے دوران تمام پارٹنرز نے ایم ڈی پیف کا بروقت پیمنٹ کی ادائیگیوں پر شکریہ ادا کیا۔ میٹنگ کے دوران پیف پارٹنرز نے پیف سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کی ٹریننگز کے حواے سے اٹھائے گئے بہترین اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا اور پیف کی جانب سے شائع کیے جانے والے سبجیکٹ بیسڈ ماڈیولز کی تعریف کی۔ پیف پارٹنرز نے ایم ڈی پیف سے درخواست کی کہ اساتذہ کی ٹریننگز کا سلسلہ گرمیوں اور سردیوں کی چھٹیوں کے دوران بھی جاری رہنا چاہیے۔ پیف سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کی ٹریننگز پر بات کرتے ہوئے ایم ڈی پیف نے کہا پیف کا سب سے زیادہ فوکس اساتذہ کی ٹریننگز پر ہے۔ اساتذہ کے لیے فزیکل ٹریننگز کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیاد پر آن لائن ٹریننگز کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ اساتذہ اپنے اپنے مضامین پر عبور حاصل کر سکیں اور بہتر انداز میں بچوں کو پڑھا سکیں۔ میٹنگ کے دوران پیف پارٹنرز نے ایم ڈی پیف سے پیمنٹ میں اضافے،پالیسی کیپ کو بڑھانے اور دیگر اہم گزارشات بھی پیش کیں۔ایم ڈی پیف نے پیف پارٹنرز کی تمام گزارشات کو تفصیل سے سنا اور انہیں اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ پیف کے قوانین کی روشنی میں پیف پارٹنرز کی گزارشات پر غور وخوض کیا جائے گا۔ میٹنگ کے دوران ایم ڈی پیف نے تمام پارٹنرز کے مسائل بھی سنے اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کو ان کے فوری حل کے احکامات بھی صادر فرمائے۔ میٹنگ کے آخر میں تمام پارٹنرز نے ایک بار پھر ایم ڈی پیف کا اُن سے ملاقات کے لیے اپنے مصروف شیڈول میں سے وقت دینے پر شکریہ ادا کی۔