Published: 09-01-2023
گجرات(مدثراقبال سے)مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہوگی اور نہ ہی ملک میں الیکشنکے کوئی امکانات ہیں، چودھری شجاعت حسین سے جنرل سیکرٹری جے یو آئی ایف مولانا عبدالغفور حیدری نے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں ملک کی بہتری کیلئے ملک کی معاشی سیاسی معاملات پر گفتگو سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وفد نے چودھری شجاعت حسین کو بلوچستان میں عوام کو درپیش مشکلات خصوصاً آٹے کی قلت سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کا فرض ہے کہ عوام کو روزمرہ استعمال کی اشیاء کو مہنگا ہونے پر ایکشن لیں خصوصاً آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عام آدمی بہت زیادہ پریشان ہے، تمام لیڈران اپنی اپنی بولی بولنے کی بجائے اکٹھے ہو کر بغیر کسی عہدوں کی پرواہ کیے ملکی مسائل خصوصاً مہنگائی کو حل کرنے کو اولیت دیں اور اکٹھے ہو کر صرف ایک ایجنڈے پر کام کریں، جمعیت علماء اسلام کے وفد میں صدر سٹی لاہور محمد افضل خان جوائنٹ سیکرٹری مولانا عبدالودود شاہد، مولانا عبدالوہاب مدنی، عبدالصمد، اعظم سواتی، مکرمہ اشرف، خواجہ نعمان شامل تھے۔ پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے سابق وزیر قانون ڈاکٹر خالد رانجھا، سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ چودھری شافع حسین، حسن رانجھا، بیرسٹر رانا خضر شامل تھے۔