عمران خان سے چوہدری پرویز الٰہی، چوہدری راسخ الٰہی کی ملاقات، اہما مور بارے مشاورت

Published: 10-01-2023

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور راسخ الٰہی کی زمان پارک میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران  خان سے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔عمران خان نے تمام ایشوز پر کھل کر گفتگوکی اور خاص طور پر آٹے کی صورتحا ل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزا لٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پنجاب میں آٹے کی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے سرکاری گندم کا کوٹہ دوگنا کر دیا ہے۔ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کی حکمت عملی اور پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔عمران خان نے کہا کہ 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی ٹولے نے چند ماہ کے اندر معیشت تباہ کر دی ہے، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں۔لاؤ لشکر سمیت جینوا جا کر بھیک مانگتے انہیں شرم نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ آج معیشت نہ سنبھلی تو کل اس کا نقصان ریاست کو ہوگا۔اقتدار میں ہوس میں اندھے حکمران مہنگائی کا طوفان لے کر آئے ہیں۔پنجاب حکومت کی ڈائریکشن مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک پر مسلط بے حس ٹولے نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔یہ لوگ عوام کے مسائل پر توجہ دینے کی بجائے این آراو کے ذریعے اپنے آپ کو کلیئر کرانے میں لگے ہیں۔عمران خان ہمارے لیڈر ہیں،  ہر فیصلے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے۔13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی اتحاد بھکاریوں کا ٹولہ بن چکا ہے۔یہ سب مل کر بھیک مانگ رہے ہیں۔عالمی  مالیاتی اداروں کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔  وزیراعلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے ہر اقدام کا محورعام آدمی کی فلاح وبہبود ہے۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہے ہیں۔

آج کا اخبار
اشتہارات