Published: 12-10-2022
لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پاکپتن کے نواحی گاؤں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید سب انسپکٹر سرور اکرم کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہید سب انسپکٹر سرور اکرم نے بہادری اور جرأت کے ساتھ ملزمان کا مقابلہ کیا اور فرض پر جان نچھاور کرکے پنجاب پولیس کا سر فخر سے بلند کیا اور شہادت کا بلندرتبہ پایا۔ انہوں نے کہا کہ سرور اکرم نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر بہادری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے شہید سب انسپکٹر سرور اکرم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت شہید سب انسپکٹر سرور اکرم کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اورشہید سب انسپکٹر سرور اکرم کے اہل خانہ کی پوری دیکھ بھال کریں گے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے شہید انسپکٹر سرور اکرم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔