Published: 12-10-2022
لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مخالف پراپیگنڈا کرتے ر ہیں،ہم عوام کی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے اورعوام کوریلیف دینے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ہماری حکومت نے مختصر مدتمیں عوام کو ریلیف دینے کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔100ارب روپے سے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام شروع کیا ہے اوراس پروگرام کے تحت80لاکھ مستحق خاندانوں کو آٹا،دالیں، کوکنگ آئل اورگھی40فیصدتک سستا مل رہاہے۔سیلاب متاثرہ تین اضلاع کے لوگوں کو اس پروگرام میں رجسٹرڈ کیا ہے اوروہ بھی اس پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں۔احساس پروگرام ہمارے لیڈر عمران خان کا ویژن ہے۔ سماجی اورمعاشرتی تحفظ سے محروم افراد فلاحی ریاست کی ذمہ داری ہے۔احساس راشن رعایت پروگرام غربت کے خاتمے اورفلاحی ریاست کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قومی صحت کارڈ ہماری حکومت کے فلیگ شپ پروگرامز میں سے ایک ہے۔ قومی صحت کارڈ سے اب تک تقریباً50ارب روپے کی خطیر رقم سے 22لاکھ مریضوں کا مفت علاج ہوچکا ہے۔ہماری حکومت نے قومی صحت کارڈ کے ذریعے اب کینسرکے مریضوں کو جدید ترین ٹیکنالوجی سائبر نائف کے ذریعے علاج کی سہولت فراہم کی ہے۔سائبر نائف ٹیکنالوجی سے علاج سے کینسر کے مریضوں کوبہت سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی صحت کارڈکے ذریعے کینسر کے54ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جاچکاہے جبکہ گردے کے 4لاکھ83ہزار سے زائد مریض مفت علاج کی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔قومی صحت کارڈ کے ذریعے پنجاب کا ہر شہری مفت علاج کی سہولت سے فراہم کی گئی ہے جبکہ دیگر امراض کے علاج کو بھی قومی صحت کارڈ میں شامل کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہر شہری کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا میرا مشن ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اشٹام ڈیوٹی کی شرح میں 100فیصد کمی کر کے صوبے کے عوام کو 25ارب روپے کا ریلیف دیا ہے۔عوام کی سہولت کیلئے پنجاب بھر میں اشٹام ڈیوٹی کی شرح 1فیصد مقررکی ہے۔اشٹام ڈیوٹی کی شرح کم ہونے سے شہری جائیداد کی رجسٹری اور انتقالات میں اضافہ ہوگا۔شہریوں کو ریلیف اورحکومت کو زیادہ ریونیو ملے گا۔ اس ا قدم سے تعمیراتی صنعت فروغ پائے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ہماری حکومت نے یہ فیصلہ صوبے کے عوام کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے۔