Published: 13-10-2022
لالہ موسیٰ (جمیل احمد چوہدری سے) وزیر اعظم کے مشیر برائے امورِ کشمیر و گلگت و بلتستان، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما چوہدری قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی واحد جماعت ہے جس کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل پر رکھا گیا۔ ہمارے لیے مسئلہ کشمیر ہمیشہ سب سے اہم رہا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ماضی میں آپوزیشن کے بنچوں پر بیٹھے ہوئے بھی ہماری قیادت نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کا ایک بھی موقع ضائع نہیں کیا۔ وزیر اعظم نے ہر فورم پر کشمیر کے معاملہ کواٹھایا ہے اور بلاول بھٹو زرداری کی کوئی ایک ملاقات ایسی نہیں جس میں انہوں نے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا ذکر نہ کیا ہو اور اقوام عالم کے ضمیر جگانے کی بات نہ کی ہو۔ بلاول بھٹو زرداری کے کندھوں پر تاریخ نے یہ بھاری ذمہ داری ڈالی ہے۔ بھٹو شہید، بی بی شہید کے نامکمل ایجنڈے کو مکمل کرنے کے لیے بلاول بھٹو اپنے فرائض ادا کریں گے۔ دنیا میں اقوام کئی دفعہ اپنی منزل بہت جلدی پا لیتی ہیں اور کئی دفعہ نسلوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہم پاکستان کو اتنا مستحکم اور طاقتور ملک نہیں بنا پائے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو بہتر طریقہ سے لڑ پاتا۔ آج ہمیں بلاشبہ دنیا بھر کو مزید بہتر طریقہ سے مسئلہ کشمیر کے بارے میں بتانے کی ضرورت ہے۔ جنگ مسائل کا حل نہیں ہے لیکن دنیا کے ساتھ مکالمہ کی جنگ تو ہم لڑسکتے ہیں۔ دنیا میں کئی ممالک اپنے ذاتی مفاد کے تحت چلتے ہیں جس میں کئی مسلم ممالک بھی شامل ہیں۔ ہم صرف کشمیر کو مسلمانوں کا مسئلہ نہیں سمجھتے، یہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔ یہ کشمیر کے اندر بسنے والے تمام انسانوں کا مسئلہ ہے۔ لہٰذا انسانیت کو اس پر جواب دینے کی ضرورت ہے۔ آج ہمیں ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ ہم اپنی نسل کے سامنے بھی کشمیر کا مقدمہ رکھیں، ہم کشمیر کا مقدمہ اپنے بچوں کے سامنے بہتر انداز سے نہیں رکھ پائے۔ میرے والد کا کشمیر کے ساتھ جو رشتہ تھا، میرا رشتہ اس سے کمزور تھا اور آج میرے بیٹھے کا رجحان کشمیر کے مسئلہ کی طرف اتنا مضبوط نہیں ہے جتنا مضبوط اسے ہونا چاہیے تھا۔ ہمیں کشمیر کے مقدمہ کو اپنی نسلوں کے ذہن میں نقش کرنا ہے۔ ہم اپنی زندگی میں ہی آزادی کشمیر دیکھیں گے۔ انشااللہ۔ لیکن اگر ایسا ممکن نہ ہوا تو ہماری آنے والی نسلوں میں یہ زندہ رہے گا۔ جب کشمیر کا مسئلہ ہمارے ڈی این اے کا حصہ بنے گا تبھی ہم کشمیر کو آزاد کروا پائیں گے۔