دیہی خواتین کا معیشت مضبوطی میں اہم کردار، انہیں جائز حقوق دیں گے، چوہدری پرویز الٰہی

Published: 16-10-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ زرعی ترقی میں دیہی خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ زرعی شعبے میں ترقی دیہی خواتین کی شراکت کے بغیر ناممکن ہے۔ دیہی خواتین کے عالمی دنکے موقع پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ دیہی خواتین زرعی پیداوار میں اضافے اور فوڈسکیورٹی کو یقینی بنانے میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتی ہیں۔ دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں خواتین کے اہم کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ دیہی خواتین کھیتوں میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرکے زرعی معیشت کی مضبوطی میں اپنا حصہ بٹاتی ہیں۔وقت آگیا ہے کہ دیہی خواتین کو ان کے جائز حقوق دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت دیہی خواتین کی ترقی اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے اور دیہی خواتین کی حالت زار میں بہتری کے لئے اقدامات ہماری ذمہ داری ہے۔ ہمیں سماجی، سیاسی اور معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت کو آسان بنانے کے لیے دیہی انفراسٹرکچر اور خدمات کو بہتر بنانا ہے اور دیہات میں تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کو بہتر بنانے پر توجہ دینی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مقامی و قومی سطح پر قانون و فیصلہ سازی میں دیہی خواتین کی شمولیت ضروری ہے۔ صنفی بنیاد پر تشدد اور امتیازی سلوک کا خاتمہ وقت کا تقاضا ہے۔آج ہمیں بحیثیت قوم معاشرے کی تعمیر و ترقی میں دیہی خواتین کے مثبت کردارکااعتراف کرناہے اور اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ دیہی خواتین کو ان کے حقوق کی فراہمی کیلئے مزیدموثر اقدامات کرینگے۔

آج کا اخبار
اشتہارات