نکاح نامہ میں ختم نبوت کا حلف لازمی قرار پنجاب حکومت کا فیصلہ

Published: 16-10-2022

Cinque Terre

لاہور (نمائندہ ڈاک) حکومت پنجاب نے نکاح کے فارم میں ختم نبوت کا حلف لازمی قرار دے دیا۔ صوبائی حکومت نے مذکورہ فیصلے کا اعلان اپنیآفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک مختصر ویڈیو کلپ میں کیا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں پنجاب اسمبلی نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں نکاح نامہ کے فارم میں ختم نبوت کے حلف کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔قرارداد پاکستان مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے اراکین صوبائی اسمبلی نے مشترکہ طور پر پیش کی تھی۔مسلم لیگ (ق) کی خدیجہ عمر نے کہا کہ بہت سی شکایات تھیں کہ لوگ شادی کے وقت اپنا عقیدہ چھپاتے ہیں، شادی کے کئی سال گزرنے کے بعد گھر والوں کو معلوم ہوتا ہے کہ میاں بیوی میں سے ایک احمدی عقیدہ کی پیروی کر رہا ہے جس کی وجہ سے گھر والوں اور بچوں کے لیے بہت پریشانیاں ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کے دفتر کو بھی اس حوالے سے متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد نکاح نامہ کے فارم میں عقیدہ ختم نبوت (ﷺ)کا خانہ شامل کرنا ضروری سمجھا گیا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں اس بات پر زور دیا کہ یہ متعدد شکایات کے بارے میں نہیں بلکہ مسلم عقیدے کی بنیادی ضرورت ہے۔

آج کا اخبار
اشتہارات