غذائی تحفظ کیلئے حکومت اور نجی شعبہ کے درمیان قریبی اشتراک ضروری ہے

Published: 17-10-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ خوراک کی پیداواربڑھانا اورفوڈسکیورٹی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اچھی خوراک ہر انسان کی بنیادی ضرورت اور حق ہے۔غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان قریبی اشتراک ضروری ہے۔ کورونا وائرس، وبائی امراض، موسمیاتی تبدیلیوں اور پرتشدد تنازعات کے باعث درپیش چیلنجز نے لاکھوں لوگوں کے لئے خوراک کی کمی کے مسائل میں اضافہ کیاہے۔ خوراک کی پیداوار میں کمی اور تقسیم کے چیلنج سے یہ مسئلہ روز بروز سنگین ہورہاہے۔پاکستان میں سیلاب کے باعث خوراک کی فراہمی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا،جس سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر دباؤ بڑھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوراک کی پیداوار میں اضافے اور بہتر غذائیت کو یقینی بنانے کے لیے مربوط انداز میں اقدامات کرنا ہوں گے۔ خوراک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ غذائی قلت کے امکان کو کم کرنے کیلئے خوراک کا ضیاع روکنا ہوگااوراس ضمن میں عام آدمی کو بھرپور آگاہی فراہم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی یوم خوراک کا مقصد غذائی قلت سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کیلئے کوششوں میں مزید تیزی لانا ہے اوراس امر کا اعادہ کرناہے کہ ملک میں غذائی ضروریات کو بروقت پورا کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

آج کا اخبار
اشتہارات