محکمہ ہائی وے ہماری قیمتی اراضی پر قبضہ کر رہا ہے، ہائی کورٹ جائیں گے، محمد یوسف گل

Published: 21-10-2022

Cinque Terre

گجرات (نمائندہ ڈاک)سیاسی وسماجی شخصیت سابق چیئرمین یوسی 12 محمد یوسف گل نے احتجاجی کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج  سے سات سال قبل گورالی رقبہ میں 11 کنال 12 مرلہ جگہ خرید کی جہاں پر ہم نے تین گھروں کی بنیادیں رکھی اور گزشتہ پندرہ دنوں سے محکمہ ہائی وے موٹر وے انٹرچینج کی آڑ میں مقامی لوگوں کی ملکیتی اراضی کو نقصان پہنچا رہے ہیں کبھی چناب پھاٹک کے قریب تو کبھی نت روڈ تو کبھی ہماری ملکیتی اراضی گورالی سے راستہ نکالنے اور غیر قانونی طور پر ملکیتی اراضی پر قبضہ کرنے اور اراضی کو نقصان پہنچایا جارہا ہے جس کی بابت سول عدالت سے  سٹے بھی جاری ہے اس کے باوجود محکمہ ہائی وے لاقانونیت، لینڈ ریونیو ایکٹ کی خلاف ورزی اور عدالتی حکم کو ہوا میں اڑا کر عدالت کے حکم کی توہین کرتے ہوئے کام کررہے ہیں اور محکمہ ہائی وے کسی بھی قسم کا قانون و ضابطہ پر عمل درآمد نہیں کررہا اس کا مطلب یہ ہوا کہ محکمہ ہائی وے عدالتوں کو کچھ نہیں سمجھتا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ کے خلاف مقامی عدالت میں توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کریں گے اور لاہور ہائیکورٹ میں بھی محکمہ ہائی وے کے زمہ داران کے خلاف رٹ دائر کردی ہے ہم ہر قسم کا قانونی راستہ اختیار کریں گے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پوری جنگ کریں گے مزید انہوں نے کہا کہ آج نمازِ جمعہ کے بعد  ہمارا مقامی اراضی پر پر امن احتجاجی کیمپ قائم رہے گا جہاں پر وکلاء  برادری، تاجر برادری، بزنس مین اور دیگر تاجر نمائندہ تنظیمیں شامل ہونگی اور ہم اپنے حق کی آواز بلند کرتے رہے گے۔ ممتاز تاجر رہنما جاوید بٹ نے کہا کہ اہل اقتدار سے اپیل ہے کہ وہ گجرات کے عوام کے مسائل سنیں اور انہیں حل کریں۔ انہوں نے کہاہے کہ اگر کوئی سڑک کی تعمیر کرنی ہے تو وہ بڑے اچھے انداز سے مقامی اراضی مالکان سے بات کرتے ہوئے قانونی طریقے سے حل نکالیں نہ کہ قانون کو ہاتھ میں لیا جائے اور غیر قانونی طور پر ملکیتی اراضی کو نقصان پہنچانے اور ان پر زور زبردستی قبضہ کرنے کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

آج کا اخبار
اشتہارات