Published: 24-10-2022
گجرات(نمائندہ ڈاک)وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے گجرات پریس کلب کو 10 لاکھ کی گرانٹ جاری،گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر چودھری مو نس الٰہی سے کنجاہ ہاؤس میں صدر گجرات پریس کلب ملک شفقت اعوان کی قیادت میں سرپرست محمد یونس ساقی، سابق صدور عبدالستار مرزا، راجہ تیمور طارق، جنرل سیکرٹری سید نوید حسین شاہ نے ملاقات کی اور گجرات پریس کلب کیلئے 10 لاکھ کا چیک وفد کے حوالے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات عامر شہزاد کنگ، ڈی پی او گجرات اور سید غضنفر علی شاہ بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ گجرات پریس کلب سے منسلک صحافیوں نے شہر کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کیا ہے اور میں یہ امید کرتا ہوں کہ گجرات کے صحافی اپنا یہ کام جاری رکھیں گے صحافیوں کو جہاں بھی مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ہمارے خاندان نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔ صحافیوں کی مشکلات کو حل کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے ہمیشہ انکی سرپرستی کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی صحافیوں کو گھر بنانے کے لئے پلاٹ دئیے اور یہ سلسلہ اب بھی نہیں رکے گا۔ سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ صحافیوں سمیت شہریوں کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں انکی مشکلات کا بھی بخوبی اندازہ ہے انشاء اللہ چند ماہ میں گجرات میں واضح ترقیاتی تبدیلی نظر آئی گی۔ تمام ترقیاتی پراجیکٹ کی تکمیل سے گجرات ترقی یافتہ شہر کا روپ دھار لے گا۔ انشاء اللہ خاندان کی روایات کے مطابق ماضی کی طرح گجرات پریس کلب اور اس سے وابستہ صحافیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور اسی طرح سرپرستی کرتے رہیں گے۔سنیئر صحافی محمد یونس ساقی اور مینیجنگ ایڈیٹر روزنامہ جذبہ گجرات راجہ تیمور طارق نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی جب بھی اقتدار میں آئے انہوں نے نہ صرف گجرات کی ترقی کے لئے کام کیا ہے بلکہ گجرات کے صحافیوں کے بہتر مستقبل کے لئے بھی کبھی پیچھے نہیں رہے،صدر گجرات پریس کلب ملک شفقت اعوان نے وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور چودھری مونس الٰہی کا گجرات پریس کلب کے لئے 10لاکھ کی گرانٹ دینے پر شکریہ ادا کیااور امید کا اظہار کیا کہ چودھری پرویز الٰہی اور چودھری مونس الٰہی مستقبل میں بھی گجرات پریس کلب کی مکمل سرپرستی جاری رکھیں گے۔