Published: 27-10-2022
لاہور(نمائندہ ڈاک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اوروزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت آج تحریک انصاف اور مسلم لیگ قائداعظم کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا - عمران خان نے لانگ مارچ کے اعلان پر صوبائی پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا-پارلیمانی پارٹی نے لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا- چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت سیاست نہیں، جہاد کر رہا ہوں۔لانگ مارچ میں لوگوں کی شرکت کا نیا ریکارڈ بنے گا۔امپورٹڈ حکومت نے الیکشن نہیں کروانے۔الیکشن امپورٹڈ حکومت کی موت ہے۔امپورٹڈ حکومت سے ملک چل رہا ہے نہ معیشت سنبھل رہی ہے۔یہ ملک کو بند گلی میں لے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بیرون ملک جا کر پاؤں پڑ رہا ہے۔ یہ وقت اب نہیں یا کبھی نہیں کا ہے۔لانگ مارچ عام تحریک نہیں، یہ پاکستان کی سب سے بڑی تحریک بن چکی ہے۔ن لیگ کے 90 فیصد لوگ جرائم پیشہ ہیں۔2 نمبر کام کرنے والے کون لیگ میں بڑا عہدہ ملتا ہے۔نواز شریف ملک کا سب بڑا ڈاکو ہے۔یہ مجھے نااہل کروانا چاہتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ رانا ثناء اللہ قاتل اور مجرم ہے۔قاتل، ڈاکو اور چور ملک بھر میں دندناتے پھر رہے ہیں۔پرسوں سب لبرٹی چوک پر جمع ہوں گے۔ہمارا لانگ مارچ پر امن رہے گا۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کے فلاح عامہ کے کاموں کو سراہا گیا اور اس امر کا اعادہ کیا کہ عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، اور کھڑے رہیں گے۔ پوری پارلیمانی، سیاسی اور عوامی قوت کے ساتھ عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں۔چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں مسلم لیگ قائداعظم اور پی ٹی آئی کا مثالی اتحاد صوبے کے عوام کو ڈلیور کر رہا ہے