قوم عمران خان کیساتھ،نا اہل حکمران عوام کے سامنے ٹھہر نہ سکیں گے، چوہدری پرویز الٰہی

Published: 28-10-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت گوجرانوالہ اورساہیوال ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال، حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور لانگ مارچ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے معیشت تباہ کردی ہے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پاکستان بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔قوم عمران خان کے ساتھ ہے۔ نااہل حکومت عوام کے سمندر کے سامنے نہیں ٹھہر سکے گی۔ وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندو ں کو عوامی مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ زیر تکمیل منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے سیالکوٹ ویمن یونیورسٹی کیلئے فنڈز کی فراہمی کاحکم دیا اور سیالکوٹ میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کیلئے متعلقہ امور کو جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکپتن میں مزار حضرت بابا فرید مسعود گنج شکرؒ کے زائرین کی سہولت کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ساہیوال اورگوجرانوالہ ڈویژن میں ڈاکٹرز، اساتذہ اور پولیس کی کمی پوری کی جائے گی۔ملکہ ہانس میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کی جائے گی۔ساہیوال میں وٹرنری یونیورسٹی کاکیمپس قائم کیا جائے گا اور بورے والا، چیچہ وطنی دورویہ سڑک تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال اورگوجرانوالہ میں سڑکوں،پختہ گلیوں،سیوریج اوردیگر پراجیکٹس مکمل کئے جائیں گے۔پی ایچ اے ساہیوال کو فعال اوربہتر بنایا جائے گا۔ارکان اسمبلی مرتضی اقبال،رائے حسن نواز، صمصام بخاری،میاں فرخ ممتاز مانیکا،پیر احمد شاہ کھگہ،چودھری نعیم ابراہیم،میجر(ر) غلام سرور،پیر سیدسعید الحسن،چودھری محمد اخلاق،احسن سلیم بریار،باؤ رضوان،سیدہ فرح، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ سیکرٹریز،ساہیوال اورگوجرانوالہ ڈویژن کے کمشنرز، آرپی اوز،ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی او زنے اجلاس میں شرکت کی۔

آج کا اخبار
اشتہارات