Published: 01-11-2022
گجرات(ارشد محمود سے) مسلم لیگ(ن) ضلعگجرات کے سینئر راہنماؤں کا ڈویژنل صدر چوہدری عابد رضا کی زیر صدارت ڈیرہ کوٹلہ پر اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، صدر مسلم لیگ ن ضلع گجرات نوابزادہ طاہر الملک، سابق چیئر مین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر، سابق ایم پی اے چوہدری شبیر احمد، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری ذیشان یونس ٹانڈہ،سینئر راہنما ن لیگ چوہدری علی وڑائچ کلاچور، سابق چیئر مین چوہدری اعظم جاموں بولا، سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن ضلع گجرات میاں اکمل حسین، وقار ایوب، محمد بلال میٹنگ میں شریک تھے، چوہدری عابد رضا ایم این اے کی زیر صدارت اجلاس میں ضلع گجرات کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل بارے مشاورت کی گئی، اہم پارٹی، تنظیمی امو ر اور مسلم لیگ ن ضلع گجرات کی موجودہ سیاسی صورتحال بارے تبادلہ خیالات کیا گیا اور میٹنگ میں ن لیگی راہنماؤں نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں، مسلم لیگ(ن) کے عہدیدران، کارکنان کے خلاف مخالفین کی طرف سے کی جانے والی انتقامی کارروائیوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیالات کیا گیا، چوہدری عابد رضا نے کہاکہ الحمد للہ مسلم لیگ ن ضلع گجرات میں مضبوط اور متحد ہے نوابزادہ طاہر الملک نے کہا کہ مسلم لیگ ن ضلع گجرات کے تمام عہدیداران اپنی اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہے ہیں۔