چوہدری پرویز الٰہی کا تعلیم پر فوکس گجرات میں انجینئر نگ یونیورسٹی لا رہے ہیں، میاں عمران مسعود

Published: 01-11-2022

Cinque Terre

گجرات(نمائندہ ڈاک) سابق صوبائی وزیر تعلیم، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیاء، وزیراعلیٰ پنجاب کی ایجوکیشن ٹاسک فورس کے چیئرمین میاں عمران مسعودنے کہا ہے کہ پنجاب کالج پرنسپل رانا یونس کی بہترین حکمت عملی سے ایک بڑا مقام حاصل کر چکا ہے جہاں پر طلباء و طالبات کو کوالٹی ایجوکیشن دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب گروپ آف کالجز اور خاص طور پر گجرات پنجاب کالج میں یہ چیز نظر آتی ہے کہ یہاں والدین مطمئن ہیں کیونکہ بچیوں کا مستقبل محفوظ ہے کیونکہ میں ہر سال پنجاب کالج کی سالانہ تقریبات میں شریک ہوتا ہوں۔ ان کی کوالٹی ایجوکیشن، ڈسپلن اور تجربہ کار اساتذہ کی وجہ سے طلباء وطالبات پنجاب بھر میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب گروپ آف کالجز گجرات گرلز کیمپس میں نئی آنے والی طالبات کیلئے ویلکم پارٹی کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل رانا محمد یونس، میاں محمد الیاس پرنسپل پھالیہ کیمپس، محمد شعیب چوہدری پرنسپل کھاریاں کیمپس، آصف عثمانی وزیرآباد کیمپس، پرنسپل ماریہ نے بھی خطاب کیا اور اس موقع پر اعلیٰ کارکردگی پر طالبات کو شیلڈز بھی دی گئیں۔ میاں عمران مسعود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ضلع گجرات سے ہیں۔ ان کو دوبارہ وزارت اعلیٰ ملی ہے اور ہم ان کی قیادت میں شعبہ تعلیم میں بہت زیادہ کام کر رہے ہیں۔ گجرات میں انجینئرنگ یونیورسٹی لے کر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات ڈویژن بن چکا ہے اور اس کے ڈویژن بننے سے بہت سی سہولیات ملیں گی اور گجرات کو بطور ڈویژن بے تحاشہ سہولیات ملیں گی۔ مچھیانہ میں بہت بڑا ڈویژن کا سیکرٹریٹ بن رہا ہے۔ سٹیڈیم بنایا جا رہا ہے۔ جناح پبلک سکول نیا بنایا جا رہا ہے۔ ترقیاتی کام شروع ہو چکے ہیں تاکہ گجرات کے لوگوں کو سہولیات ملیں۔ نئی سڑک تعمیر کی جا رہی ہے جو کہ موٹر وے کے ساتھ منسلک ہو گی اور اس سے گجرات سے اسلام آباد تک سفر میں آسانی ہو گی اور گجرات موٹر وے سے لنک ہو جائے گا۔ میاں عمران مسعود نے پنجاب کالج کی طالبات کو بہترین پرفارمنس پر 20 ہزار روپے نقد دینے کا بھی اعلان کیا۔ میاں عمران مسعود نے کہا کہ پنجاب گروپ آف کالجز کے چیئرمین میاں عامر محمود میرے دوست ہیں اور وہ ایجوکیشن کے جو ادارے چلا رہے ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔ پرنسپل رانا محمد یونس نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب کالج 124 شہروں میں تقریباً417 کیمپس ہمارے کام کر رہے ہیں۔ 700 سے زائد الائیڈ سکول، 300 سے زائد ایفا سکول، 15 ریسورس انٹرنیشنل سکول۔ یہ تمام ادارے پنجاب گروپ آف کالجز کے ہیں جو کہ کام کر رہے ہیں۔ 3 یونیورسٹیاں کام کر رہی ہیں۔ جن میں محمد علی جناح یونیورسٹی بھی شامل ہے۔اس وقت سکول اور کالجز میں 5 لاکھ، 36 ہزار سے زائد طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور تقریباً24 لاکھ، 26 ہزار سے زائد طلباء زیور تعلیم سے آراستہ ہو چکے ہیں۔ پنجاب کالج گجرات میں 2008 ء میں 400 سے زائد طلبہ و طالبات سے آغاز کیا گیا اور 2022ء میں طلبہ و طالبات کی تعداد 4ہزار 200 سے بڑھ چکی ہے اور ہماری کارکردگی سب کے سامنے ہے اور ہر سال گوجرانوالہ بورڈ میں بھی ہمارے طلباء و طالبات نمایاں پوزیشن حاصل کرتے ہیں۔ 

آج کا اخبار
اشتہارات