”رائے ونڈ تبلیغی اجتماع“ چوہدری پرویز الٰہی کی فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت

Published: 02-11-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع رائیونڈ کے لئے بہترین انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تبلیغی اجتماع رائیونڈ میں شرکت کے لئے آنے والے پنجاب حکومت کے مہمان ہیں ان کی کھلے دل سے مہمان نوازی کریں گے۔ بیرون ملک سے بھی بڑی تعداد میں لوگ اجتماع میں شرکت کررہے ہیں۔ عالمی تبلیغی اجتماع کے لئے آنے والے شرکاء کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اجتماع کے لئے بہترین انتظامات کرنا ہماری دینی او رمعاشرتی روایات کاحصہ ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کے ا نتظامات، ضروری سہولتوں کی فراہمی اور سکیورٹی پلان کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی سہولت کیلئے تمام تر انتظامات وقت سے قبل مکمل کئے جائیں۔اجتماع اور داخلی و خارجی راستوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے۔موثر مانیٹرنگ کے لئے فی الفور مزید کیمرے خرید کر نصب کئے جائیں۔ علاقے میں اضافی پٹرولنگ پولیس تعینات کی جائے۔ اجتماع کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے ٹریفک وارڈنز کی تعداد میں اضافہ کیاجائے۔ پولیس،انتظامیہ او رمتعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ شاندار انتظامات اور فول پروف سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور ڈی جی ایل ڈاے کو ہدایت کی کہ علاقے کی سڑکو ں کی تعمیر ومرمت کاکام ترجیحی بنیادوں پرمکمل کیا جائے اور سڑکوں کی تعمیر ومرمت کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔ اجتماع کے اطراف خصوصاً رائیونڈ بائی پاس پر لائٹس کا مناسب انتظام کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماع کے شرکاء کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہمہ وقت یقینی بنائی جائے۔واسا ٹینکرز کے ذریعے پانی کی فراہمی کا موثر انتظام کرے۔وزیراعلیٰ نے اجتماع کے لئے سرکاری فرائض سرانجام دینے والے عملے اور پولیس نفری کے لئے کھانے پینے کے بہترین انتظامات کی ہدایت کی۔ ریسکیو 1122 کے عملے کی تعداد بڑھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے آنے والے مہمانوں کے لئے واہگہ بارڈر پر خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ  اجتماع کے لئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے پوری ٹیم نے مل کر کام کرنا ہے اور میں خود وزٹ کر کے انتظامات کاجائزہ لوں گا۔سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع رائیونڈ کی تیاریاں جاری ہیں۔اجتماع کا پہلا مرحلہ 4 نومبرسے 6 نومبرتک اور دوسرا 11 نومبر سے 13 نومبر تک ہوگا۔سالانہ عالمی تبلیغی ا جتماع رائیونڈ کے امتیاز غنی، رکن صوبائی اسمبلی حافظ عمار یاسر،راسخ الٰہی،انسپکٹرجنرل پولیس فیصل شاہکار،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،تبلیغی اجتماع کے مولانا عامر احسان، مولانا امجد فاروق، انوار غنی، آفتاب غنی،ملک حفیظ انجم، سیکرٹری اوقاف، سی سی پی او لاہور، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی ریسکیو 1122، ڈی جی اوقاف اور سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان نے اجلاس میں شرکت کی۔ 

آج کا اخبار
اشتہارات