Published: 02-11-2022
گجرات(آصف بھٹی سے)قائد تحریک انصاف عمران خان کا لانگ مارچ رات گوجرانوالہ قیام کے بعد آج اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگا، گجرات میں لانگ مارچ کے استقبال کی تیاریاں عروج پر ہیں، چوہدری وجاہت حسین کے صاحبزادے این اے71سے قومی اسمبلی کے امیدوار چوہدری موسیٰ الٰہی لانگ مارچ کے لاہور سے اسلام آباد تک سرائے عالمگیر میں سب سے بڑے پاور شو کے لئے متحرک ہیں گزشتہ دنوں چوہدری وجاہت حسین، چوہدری حسین الٰہی کے ساتھ حلقہ بھر کے عمائدین کے ساتھ طویل مشاورتی اجلاس میں استقبال کا لائحہ عمل طے کیا گیا، چوہدری موسیٰ الٰہی کا کہنا ہے کہ انشاء اللہ سرائے عالمگیر میں لانگ مارچ کا تاریخ ساز استقبال ہوگا، چوہدری موسیٰ الٰہی یومیہ بنیادوں پر ساتھیوں سے ملاقاتیں اور مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں، این اے71کی تمام یونین کونسلز میں قافلے ترتیب دیئے جا رہے ہیں، چوہدری موسیٰ الٰہی منظم انداز میں ساتھیوں کو تحرک میں لا رہے ہیں جی ٹی روڈ پر قدآور خیر مقدمی بینرز و پینا فلیکس نصب کئے گئے ہیں حلقہ بھر کے تمام دیہات میں بھی خیر مقدمی بینرز آویزاں ہیں۔