عمران خان کی عیادت کیلئے چوہدری پرویز الٰہی کی شوکت خانم ہسپتال آمد، کافی دیر موجود رہے

Published: 04-11-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عیادت کے لئے شوکت خانم ہسپتال پہنچ گئے- وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے شوکت خانم ہسپتال میں زیر علاج چیئرمین پاکستان تحریک  انصاف عمران خان کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی -  چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ میں اللہ تعالی کے فضل و کرم سے خیریت سے ہوں - وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان اور دیگر رہنماؤں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر بے حد تشویش ہوئی ہے۔ اللہ تعالٰی کا شکر ہے کہ آپ خیریت سے ہیں اور دشمن کے مذموم عزائم ناکام ہوئے- وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے عمران خان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے اور آپ کے لئے دعا گو ہے۔چودھری پرویزالٰہی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ میں فائرنگ کے واقعہ پر دلی دکھ اور افسوس ہوا- اس مذموم  واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے -ایم پی اے حافظ عمار یاسر اور راسخ الٰہی بھی ہمراہ تھے

آج کا اخبار
اشتہارات