وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی سے وزیر اعلیٰ گلگت خالد خورشید کی ملاقات، اہم امور بارے مشاورت

Published: 08-11-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے یہاں وزیراعلیٰ آفس میں گلگت  بلتستان کے وزیراعلیٰ خالد خورشید نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔چودھری پرویزالٰہی اور خالد خورشید نے وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف امورپر لیت و لعل سے کام لینے کی مذمت کی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق صوبائی حکومت کے معاملات میں مداخلت کررہا ہے اوروفاق کی جانب سے صوبائی امور میں مداخلت ناقابل فہم اورقابل مذمت ہے۔ وفاق کا پنجاب اورگلگت بلتستان کے ساتھ رویہ کسی طور بھی مناسب نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چار اکائیوں،آزاد کشمیر او رگلگت  بلتستان پر مشتمل وسائل کی دولت سے مالامال ملک ہے- ملک کی تمام اکائیاں مل کر ترقی کریں گی تو پاکستان ترقی کرے گا- وطن عزیز کوآگے لے جانے کے لئے سب کو اکٹھے چلنا ہوگا -مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہی پاکستان ا پنی منزل حاصل کرے گا-انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر عمل پیرا ہے۔گلگت بلتستان میں بسنے والے ہمارے بھائی ہیں،ان کی ترقی اور خوشحالی عزیز ہے۔پنجاب حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔گلگت بلتستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں پہلے سے بڑھ کر تعاون کیا جائیگا۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے مختلف شعبوں میں تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا۔خالد خورشید نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کو گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کا تعاون لائق تحسین ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات کو سراہتے ہیں۔گلگت بلتستان کے عوام کیلئے تعلیم،صحت اوردیگر سماجی شعبوں میں پنجاب حکومت کے تعاون پر شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اپنے رویے پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔صوبائی مشیر عامر سعید راں،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندراورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آج کا اخبار
اشتہارات