Published: 15-11-2022
گجرات(نمائندہ ڈاک)رحمن کلینک گجرا ت میں عالمی یوم ذیا بیطس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف فزیشن ڈاکٹر محفوظ احمد نے ذیا بیطس کی وجوہ، علاج اور ذیا بیطس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ذیا بیطس ہر چار میں ایک پاکستانی کو متاثر کر چکی ہے اس طرح ذیا بیطس کے مریضوں کی تعداد وطن عزیز میں تقریباً چار کروڑ تک جا پہنچی ہے، یہ صورتحال اس امر کا تقاضہ کرتی ہے کہ اس مرض کے بارے میں ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔ جس میں لوگوں کو اس مرض کی آگاہی کو ہر سطح پر ممکن بنایا جائے تاکہ لوگ بر وقت تشخیص، پرہیز، ورش اور مناسب علاج کے ذریعے اپنی زندگیوں کو محفوظ رکھ کر خوشگوار زندگی گزار سکیں اور ذیا بیطس سے پیدا ہون والی پیچیدگیوں سے بچ سکیں۔ ڈاکٹر محفوظ احمد نے مزید بتایا کہ بر وقت اقدام کرنے سے ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اس مرض سے نجات دے سکتے ہیں، اس سلسلہ میں عوام میں اس مرض کے متعلق آگاہی اور تعلیم ضروری ہے۔