Published: 17-11-2022
گجرات(شاہد رسول سے) پاکستان الیکٹرک فین مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کا ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس چیئرمین پیفما عمیر رفیق کی زیرصدارتپیفما ہاؤس گجرات منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور اجتماعی درود شریف سے کیا گیا۔ اس کے بعد ایجنڈا کے مطابق کارروائی کا آغا زکیا گیا۔ چیئرمین نے تمام شرکاء کو ویلکم کیا اور NEECA کے پاکستان سٹینڈرڈ کے نفاذ کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ NEECA نے کیبنٹ کمیٹی کو سٹینڈرڈ کے نفاذ کے لئے چند سفارشات بھجوائی ہیں جن میں معیار پر پورا نہ اترنے والے پنکھوں پر فی پنکھا 2000 روپے ایکسائز ڈیوٹی لگانا اور فین انڈسٹری کے لئے بنائے گئے لازمی سٹینڈرڈ پر عمل کرنے کی تاریخ جو کہ پہلے جولائی 2022 ء تھی اس کو فروری 2022 ء کرنا شامل ہے۔ اس حوالے سے تمام پیفما ممبران کو سرکلر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیکنیکل ٹیم اس سارے معاملے کو دیکھ رہی ہے۔ جس میں عرفان احمد ربانی ہماری معاونت کر رہے ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہمیں سٹینڈرڈ کو سمجھنے میں دلچسپی لینی چاہئے اور اس کی تیاری کرنی چاہئے۔ NEECA سے اس معاملے بارے بات چیت کرنے اور سٹینڈرڈ کی رویژن کے لئے ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ جو کہ انڈسٹری کی مشاورت سے تمام معاملات کو دیکھے گی اور انڈسٹری کا بہتر طریقے سے دفاع کرے گی۔ پیفما سٹینڈنگ کمیٹیوں کی تشکیل کر دی گئی ہے جس میں FDI کمیٹی، ایکسپورٹ اور انٹرنیشنل نمائشوں میں شمولیت کے لئے کمیٹی، ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی، مصالحتی کمیٹی، ممبر شپ کمیٹی، سیلز ٹیکس کمیٹی، سوشل ویلفیئر کمیٹی اور دیگر شامل ہیں، پیفما میگزین کی پرنٹنگ کی ذمہ داری ملک صفدر حسین کو دی گئی۔ اس کے بعد عراق میں ہونے والی دوسری پاکستان سنگل کنٹری نمائش بارے شرکاء کو بتایا گیا اور کہا گیا کہ جو ممبران اس میں شمولیت اختیار کرنا چاہتے ہیں ان کی آن لائن رجسٹریشن کو جلد مکمل کر لیں۔ چیئرمین کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ تمام ایگزیکٹو ممبران جن جن ممالک میں نمائشوں میں شرکت کرنا چاہتے ہیں وہ ان کی تفصیل پیفما آفس جمع کروا دیں تاکہ ہم TDAP کو بھجوا سکیں اور وہ اپنے سالانہ کیلنڈر میں ان کو شامل کر سکیں ایسا کرنے سے ہمیں گورنمنٹ کی طرف سے سبسڈی مل جائے گی اور ہم آسانی سے ان نمائشوں میں شرکت کر سکیں گے۔ چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ کی پرموشن کے لئے ہمیں بھرپور کوشش کرنی چاہئے اور ایکسپورٹ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے منسٹری آف کامرس کو سفارشات بھجوا رہے ہیں جس میں آپ ممبران اپنی اپنی تجاویز دیں تاکہ جلد اس کو منسٹری کو بھیج سکیں۔ اس کے بعد اقبال ڈار کی فیکٹری کے معاملات جو کہ گجرات ایکسپریس وے کی تعین کردہ حدود میں آرہی ہے۔ اس بارے اقبال ڈار نے شرکاء کو بتایا کہ ابھی تک مجھے کسی قسم کا معاوضہ نہیں ملا اور جلد ہم اپنے اخراجات کا تخمینہ بنا کر محکمہ کو دے دیں گے۔ اس بارے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے جلد ملاقات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ اقبال ڈار کے معاملات جلد از جلد حل ہو سکیں۔ ملک اظہار احمد اعوان سابق چیئرمین پیفما کا کہنا تھا کہ سپیئر پارٹس بنانے والی فیکٹریوں نے آج کل بہت پریشان کیا ہوا ہے اور من مانے ریٹ لگا رہے ہیں اور مطلوبہ معیار کا مال بھی نہیں مل رہا، اس بارے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم نئے اور چھوٹے کام کرنے والوں کی مدد کریں اور ان سے مال خریدیں تاکہ ان کی بھی روزی چلے اور ہم بلیک میلنگ سے بھی بچ سکیں۔ جلد میاں عمران مسعود، گجرات چیمبر اور لوکل ایسوسی ایشنز سے ملاقات کی جائے گی۔ میٹنگ کے شرکاء میں محمد نعمان احمد وائس چیئرمین پیفما، ملک اظہار احمد اعوان سابق چیئرمین پیفما، غیاث الدین پال سابق چیئرمین پیفما، ملک صفدر حسین سابق چیئرمین پیفما، نبیل احمد الیاس سابق چیئرمین پیفما، مبین احمد الیاس، اقبال احمد ڈار، علی بشارت راٹھور، رمیز ڈار سابق چیئرمین پیفما، محمد علی رضا اور دیگر شامل تھے۔ میٹنگ کے اختتام پر چیئرمین نے تمام شرکاء کا شکریہ اد ا کرتے ہوئے الوداع کیا۔