ایمان کی روشنی اللہ تعالیٰ کا ہم پر احسان ہے، امیر عبد القدیر اعوان

Published: 17-11-2022

Cinque Terre

گلیانہ (عبدالغفور مرزا)شعبہ تصوف جنات،اور جادوٹونے سے نجات کا نام نہیں ہے بلکہ یہاں سے کیفیات محمد الرسول اللہ نصیب ہوتی ہیں۔ آپ کے در سے نسبت ایسی عظمتیں عطا فرماتی ہے کہ اللہ کریم کلام ذاتی میں اس مشت غبار کو اے ایمان والو کہہ کر مخاطب فرماتے ہیں یہ کتنے بڑے اعزاز کی بات ہے ہزاروں کی تعداد میں اللہ کی مخلوقات ہیں ان سب میں اللہ کریم بندہ مومن کو اس محبت سے مخاطب فرمائیں یہ بندہ مومن کے لیے بہت بڑا انعام ہے۔نو ر ایمان اللہ کریم کا ایسا احسان ہے کہ روز محشر کفار التجا کریں گے کہ ایک بار ہمیں دنیا میں جانے کا موقع ملے ہم ایمان والی زندگی بسر کریں گے لیکن حکم ہوگا کہ اب وقت ختم ہو چکا۔آج ہمارے پاس فرصت ہے کہ اگر ہم حکم عدولی بھی کر چکے ہیں تو آج وقت ہے توبہ کریں کل وقت نہیں ہوگا صرف حساب ہوگا۔جتنا وقت ہم دنیا کے امور کو دیتے ہیں اتنا وقت ہمیں دین کے لیے بھی وقف کرنا چاہیے۔جس دل میں طلب صادق ہو اللہ کے حضور کبھی رائگاں نہیں جاتا۔ امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کا ٹورنٹو کینیڈا میں اجتماع سے خطاب!انہوں نے کہا کہ اللہ کریم نے جس بات کا حکم فرمایا ہے اس کی انسان کو استعداد بھی عطا فرمائی ہے یہ اب ہمارے اختیار میں ہے کہ ہم اپنے ان فرصت کے لمحات کو کیسے بسر کرتے ہیں کس راہ کو اختیار کرتے ہیں۔تقوی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقوی کے معنی ڈر کے لکھے جاتے ہیں جو ہم مار کا ڈر سمجھتے ہیں یا خوف کا ڈر لیکن حضرت جی جب تقوی پر تفسیر بیان فرماتے ہیں تو عربی زبان دنیا کی وسیع ترین زبان ہے جسے اللہ کریم نے کلام ذاتی کے لیے پسند فرمایا نبی کریم کے لیے پسند فرمایا اہل جنت کے لیے پسند فرمایا۔حضرت جی تقوی پر بحث فرماتے ہوئے لکھتے ہیں کہ تقوی محبوب کے روٹھ جانے کے ڈر کو کہتے ہیں کہ مجھ سے کوئی ایسا کام کوئی ایسی بات نہ ہوجائے جس سے میرا محبوب مجھ سے ناراض ہو جائے اس ڈر کو تقوی کہتے ہیں۔بندہ مومن کا لمحہ لمحہ ایسا گزرے کہ کہیں میرے اللہ کریم مجھ سے کسی بات پر روٹھ نہ جائیں میں عین اس کی پسند کے مطابق عمل اختیار کروں۔بات اْمتی کی ہے اور اس کے رشتہ کی ہے کہ کس درجے کا رشتہ ہے  اللہ کریم کی عطا کی وسعت پیمانو ں کی پابند نہیں۔اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں۔آخر میں انہوں نے قلبی ذکر کی اہمیت پر بات کی اوراحباب کو ذکر قلبی بھی سکھایا۔بعد میں انہوں نے اْمت مسلمہ کے اتحاو سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا فرمائی۔۔

آج کا اخبار
اشتہارات