Published: 30-09-2022
وزیراعظم شہباز شریف نے مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی سزائیں کالعدم قرار دئیے جانے پر کہا ہے کہ امید ہے کہ میرے قائد محمد نوازشریف کے خلاف جج ارشد ملک مرحوم کی گواہی پر انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی سزائیں کالعدم ہونے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ بیٹی مریم اور بیٹے صفدر کو بالآخر انصاف ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کے حضور ہمارے سر شکر کے احساس سے جھکے ہوئے ہیں کہ اس نے ہمیں سرخرو فرمایا، سیاسی انتقام کا ایک تاریک دور آج انجام کو پہنچا اور بے گناہ سرخرو ہوئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر نے بہادری، صبر اور ثابت قدمی سے مشکل ترین حالات کا سامنا کیا اور آج کے عدالتی فیصلے سے جھوٹ، بہتان، اور کردار کشی کی تمام عمارت زمیں بوس ہو گئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز کا بری ہونا اس سیاسی انتقام کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے جس کے ذریعے شریف خاندان کو نشانہ بنایا گیا، عدالت سے بری ہونے پر بیٹی مریم اور صفدر کو مبارک دیتا ہوں۔