Published: 19-11-2022
دولت نگر(رپورٹ: امجد چوہدری) باہووال گاؤں کو ماڈل ویلج بنائیں گے۔ باہووال کو ملانے والے تمام راستوں کی کارپٹ تعمیر ہو گی۔ باہووال براستہ میووال تا گجرات کوٹلہ بھمبر روڈ تک کارپٹ روڈ اہالیان باہووال کیلئے چوہدری برادران کا تحفہ ہے۔ انشاء اللہ جلد ہی باہووال تا بوڑا کارپٹ روڈ کا ٹینڈر ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی چوہدری حسین الٰہی نے چوہدری ظہور الٰہی ہاؤس لاہور میں آئے سابق ناظم چوہدری محبوب ربانی ظفر کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں حاجی اختر علی چوہدری باہووال، سید فرخ سجاد باہووال، چوہدری مظہر اقبال (ر) تحصیلدار، چوہدری ارشد علی نمبردار، صوفی غلام رسول چک کرال، صوفی خادم حسین بوڑا، یاسر محمود بجاڑ، چوہدری انوار بوڑا، چوہدری رفعت زمان شاہ پور، چوہدری وقاص اسلم، عثمان علی شامل تھے۔ ایم این اے چوہدری حسین الٰہی نے کہا کہ یوسی فتح پور و چیچیاں شمس کے تمام دیہات سمیت حلقہ این اے68 کے ہر چھوٹے، بڑے شہر، قصبہ، گاؤں کو درپیش تمام تر مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے۔ حلقہ بھر میں بلا تفریق تعمیر و ترقی و عوامی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر سابق ناظم چوہدری محبوب ربانی ظفر نے ایم این اے چوہدری حسین الٰہی کی طرف سے اپنے والد محترم سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین اور دادا جان چوہدری ظہور الٰہی شہید کے خدمت خلق کے عظیم مشن کو آگے بڑھانے، خدمت اور تابعداری کی اعلیٰ روایات کی نئی تاریخ رقم کرنے پر انہیں مبارکباد و خراج تحسین پیش کیا۔ حاجی اختر علی چوہدری باہووال نے گجرات، کوٹلہ، بھمبر روڈ تا میووال تا باہووال 3 کارپٹ روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کرنے، باہووال میں دیرینہ مسائل کو حل کروانے، باہووال تا بوڑا کارپٹ روڈ کی تعمیر کے احکامات پر ایم این اے چوہدری حسین الٰہی کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ سید فرخ سجاد باہووال نے کہا کہ ہم باہووال کو ماڈل ویلج بنانے اور باہووال کو ملانے والے تمام راستوں کی کارپٹ تعمیر اور گاؤں کے دیگر مسائل کے حل کیلئے ایم این اے چوہدری حسین الٰہی کی اہالیان باہووال سے محبت اور خلوص کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وفد میں شامل دیگر معززین نے بھی ایم این اے چوہدری حسین الٰہی کی حلقہ این اے68 کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخ ساز خدمات کو سراہا اور کہا کہ ایم این اے چوہدری حسین الٰہی نے اپنے حلقہ کے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کر دیا ہے۔