”پنجاب گرین“ عالمی بینک 200 ملین ڈالر کا آسان قرضہ دے گا، چوہدری پرویز الٰہی

Published: 22-11-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک)   وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب کے 10اضلاع میں ایئر اورواٹرکوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور،شیخوپورہ،ملتان،ڈی جی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، وہاڑی اوردیگرشہروں میں مانیٹرنگ سسٹم نصب ہوں گے۔ عالمی بینک پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیلئے 200ملین ڈالرکا آسان قرضہ دے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں 30مقامات پر ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگائے جائیں گے جبکہ 15مقامات پر واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں 25الیکٹرک بسوں سے ماحول دوست پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔ ماحولیاتی بہتری کیلئے پلاسٹک کو کنٹرول کرنے کیلئے قانون سازی کی جائے گی۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے پلاسٹک کے ”سنگل یوز“ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنز میں ”انرجی ایفیشنٹ بلڈنگز“کے تحت سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر سولر پینل لگائے جائیں گے۔پنجا ب کے 6ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو سولر انرجی پر منتقل کیاجاچکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں گرین فنانسنگ سٹریٹجی تشکیل دی جارہی ہے۔گرین فنانسنگ کے تحت 50ملین ڈالر کا انوائر منٹ انڈوومنٹ فنڈ قائم کیاجائے گا۔  وزیراعلیٰ نے کہا کہ VICSموٹر وہیکلز سرٹیفکیشن میں ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے آلات کی انسپکشن بھی شامل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گرین انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت 6انڈسٹریز کوآسان قرضے دئیے جائیں گے۔سٹیل ملز،رائس ملز،سٹون کرشنگ،لیدرپروسیسنگ انڈسٹریز کو گرین انویسٹمنٹ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔ابتدائی طورپر 100چھوٹے انڈسٹریل یونٹ کو 30ملین ڈالرزکے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے عوام میں ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لئے آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔  اجلاس میں نجی گاڑیو ں کے لئے ٹوکن ٹیکس کو موٹر وہیکل انسپکشن اور سرٹیفکیشن سے مشروط کرنے کی تجویز کاجائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ماحولیات، ڈی جی انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی اوردیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

آج کا اخبار
اشتہارات