آڈیو لیک نے سب واضح کر دیا،عمران خان کو ہٹایا نہ جاتا تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، چوہدری قمر کائرہ

Published: 30-09-2022

Cinque Terre

لالہ موسیٰ (جمیل احمد چوہدری سے) وزیر اعظم کے مشیر برائے امورِ کشمیر و گلگت و بلتستان، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما چوہدری قمر زمان کائرہ نے بھاگو اڈا تا مرزا طاہر، ملوانا سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اپنے سب فنڈز سیلاب زدگان کی مدد کے لیے منتقل کر دیے ہیں کیونکہ اس وقت تین کروڑ تیس لاکھ لوگ پانی میں گھرے اور ان کی املاک پانی میں بہہ گئی ہے۔ مجھے جو فنڈ مل سکے ہیں ان سے میں نے یہ کام شروع کروایا ہے۔ اب اس کا اگلا فیز نونانوالی تا لالہ موسیٰ سڑک مکمل کریں گے۔ اس کے ساتھ لالہ موسیٰ سے پسوال اور پسوال سے چکوڑی اڈا سڑک بھی منظور کروائی ہے اس کے پیسے بھی جلد ہی جاری کیے جائیں گے۔ ڈنگہ سے مکوال سڑک بھی منظور کروائی تھی، وہ پنجاب حکومت کی سڑک تھی اس لیے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اس کے ساتھ اب کیا ہوگا۔ میں نے ہر یونین کونسل کے لیے بہت سے کام منظور کروالیے ہیں۔ میں اپنی ذمہ داری سے کبھی مفر نہیں کرتا۔ جب بھی موقع ملا ہم تمام منصوبے مکمل کریں گے۔ آپ سب جانتے ہیں  اس وقت ملک میں گیس کی بہت شدید قلت ہے۔ بیرون ممالک سے گیس منگوائی جارہی ہے۔ انشااللہ بہت جلد گیس پر سے پابندی ختم ہوگی۔ عالمی منڈیوں میں بھی تیل کی قیمتیں نیچے آرہی ہیں جس کی وجہ سے ہم وہاں سے بھی گیس خرید سکیں گے اور سستی گیس لوگوں کو مہیا کی جاسکے گی۔ عمران خان کہتے رہے کہ امریکہ نے سازش کر دی ہے۔ ہم روز پوچھتے تھے کیا سازش ہوئی؟ اب وہ بے نقاب ہوچکے ہیں۔ عمران خان کہا کرتے تھے کہ ان جیسا غیرت مند شخص اور کوئی بھی نہیں۔وہ خود کو عقل کل سمجھتے ہیں۔ جس شخص کو یہ گمان ہوجائے کہ وہ ہی سب سے بہترین ہے وہ بہترین نہیں بلکہ مخبوط الحواس شخص ہوتا ہے۔ اللہ کے پیغمبروں نے بھی اپنی زبان سے نہیں کہا تھا کہ ”وہ بہترین ہیں“ بلکہ اللہ نے ان کے گناہوں سے پاک ہونے کی ضمانت دی تھی۔ اللہ کے پیغمبروں کے سامنے ہم کیا چیز ہیں؟ عمران خان کس طرح کی سوچ رکھتے ہیں؟  سعودی عرب جیسا ملک جو ہر مشکل وقت میں ہمارے ساتھ ہوتا تھا آج وہ ہم سے ناراض کیوں ہے کیونکہ آپ نے ان کے خلوص کے دیے ہوئے تحائف کو بیچ دیا۔ چائنہ کے خلاف آپ نے باتیں کیں، سعودی عرب کو آپ نے ناراض کیا، امریکہ کے ساتھ دشمنی آپ مول لیں، پاکستان کی ہر سیاسی جماعت کو گالیاں آپ دیں، فوج کو آپ خراب کہتے ہیں۔ آج پاکستان میں ایک بحث ہورہی ہے کہ اگلا آرمی چیف کون ہوگا؟ عمران خان نے آرمی چیف کے عہدے کو متنازع بنا دیا ہے۔ جب فوج کہہ رہی ہے کہ وہ نیوٹرل ہے اور ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے تو آپ کہہ رہے ہیں کہ میری مرضی کا آرمی چیف ہوگا تبھی جمہوریت کی گاڑی آگے بڑھے گی۔ دنیا کے سامنے اور پاکستان کی کتنی تذلیل کرو گے؟ خدا کا خوف کرو۔ سیاست کرو۔ برداشت کرو۔ آپ کے غلط فیصلوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔ اس موقع پر سابق تحصیل ناظم چوہدری ندیم اصغر کائرہ، چوہدری محمد شریف آف مرزا طاہر، پیپلز پارٹی ضلع گجرات کے صدر چوہدری ضیاء محی الدین، سابق وزیر خزانہ پنجاب چوہدری تنویر اشرف کائرہ، چوہدری حمزہ قمر کائرہ، چوہدری ساجد زمان کائرہ، چوہدری ماجد فاروق پسوال، چوہدری اصغر پسوال ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔ 

آج کا اخبار
اشتہارات