قائداعظم کے بعد عمران خان پہلا سچا لیڈر، قوم انکے لیے دعا گو، چوہدری پرویز الٰہی

Published: 24-11-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ عمران خان کا ساتھ دیں،قائداعظم کے بعد یہ پہلا سچا لیڈر ہے۔قوم کو عمران خان جیسا لیڈر ملا ہے شکر کریں اوراس کے لئے دعا کریں۔پی ٹی آئی کے ساتھ ملکر عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کام کریں گے۔عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا۔دنیا بھر میں گرین پاسپورٹ کی عزت ہوگی۔وہ  یہاں جہانیاں کے چودھری پرویزالٰہی سٹیڈیم میں بہت بڑے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ (ن) لیگ کو ایسی مار دیں، یہ دوبارہ اٹھ نہ سکیں۔ شہبازشریف کوشرم الشیخ جا کر بھی شرم نہیں آئی۔ شہبازشریف کو مانگنے کا ڈھنگ بھی نہیں آتا۔شہبازشریف باہر جا کر ملک کو بدنام کررہا ہے اور باہر جا کر کہتا ہے مجھے بھیک دو۔مجھے ڈر تھا کہ شہبازشریف جا کر کہے گاکہ مجھے واپسی کا ٹکٹ بھی کرادو۔شہبازشریف،نواز شریف اورن لیگ نے کبھی عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔نوازشریف، شہبازشریف نے عوام کی بہتری کا کبھی نہیں سوچا۔جو حکمران پیسے بنانے آتے ہیں ان کے کام میں برکت نہیں ہوتی۔انہوں نے کہاکہ میں نے اپنے سابق دور میں خزانے میں 400ارب روپے سرپلس چھوڑے۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے دینے والا بنایا ہے۔پی ٹی آئی کے ساتھ ملکر دین کا کام کررہے ہیں۔دین کی برکت سے کام آسان ہورہے ہیں۔بچے اگرناظرہ اور ترجمعہ قرآن نہیں پڑھیں گے تو ڈاکٹر انجینئر نہیں بن سکیں گے۔سہولتیں ملنے سے عوا م کے گھرں میں خوشی آئے گی۔الیکشن سے پہلے پھر آکر پوچھوں گا کہ آپ کے کام ہوئے کہ نہیں۔جہانیاں بار بار آتاجاتارہوں گا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے جہانیاں کی تمام کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کا اعلان کیا او رکہاکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہانیاں کو 40 بیڈ سے 150بیڈز اپ گریڈ کررہے ہیں اور ہسپتال میں بلڈ بینک اورلیبر روم بھی بنائے جائیں گے۔جہانیاں میں ٹراما سنٹر بنے گا،جہانیاں اور کچا کھو ہ میں بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی کے کیمپس قائم کیے جائیں گے۔جہانیاں کے گرلز ڈگری کالج کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔جہانیاں میں نیا چلڈرن ہسپتال بھی بنایا جائے گا۔سپیڈو بس سروس کا دائرہ کار جہانیاں اورٹھٹھہ صادق آباد تک بڑھایا جائے گا۔جہانیاں کے 11بی ایچ یو میں ایمبولینسیں دی جائیں گی۔جہانیاں میں 1122ریسیکو موٹر بائیک سروس شروع کی جائے گی۔ٹھٹھہ صادق آباد میں سیوریج سسٹم کے لئے 20کروڑ روپے دئیے جائیں گے۔پی پی 210اور پی پی 209 میں سو، سوکلو میٹر پختہ سڑکیں بنائی جائیں گی۔حلقہ این اے 147میں 50فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال میں ایم آر آئی مشین نصب کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ جہاں سے غریبو ں کی فلاح کا کام چھوڑا تھا وہی سے دوبارہ شروع کیا ہے۔جنوبی پنجاب میں بچیوں کو اب ڈبل وظیفہ ملے گا۔ساڑھے 12ایکڑ سے کم اراضی رکھنے والے ہر کسان کو مفت سولر پمپ دیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پل114-10/R ملتان وہاڑی روڈ تا پل132-10/R ملتان دنیا پور روڈ کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ ساڑھے 15کلومیٹر طویل سڑک پر مجموعی طورپر 71کروڑ40لاکھ روپے لاگت آئے گی۔یہ روڈ بننے سے لاکھوں مکینوں کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔ کھیت سے منڈی تک اجناس کی ترسیل میں بھی سہولت ہوگی۔ کاشتکاروں کو خاص طور پھلوں اور سبزیوں کو منڈی تک پہنچانے میں سہولت ملے گی۔جلسے سے ایم پی اے فیصل نیازی،پی ٹی آئی کے رہنما سید فخر امام، نوابزادہ عبدالرزاق خان نیازی، صوبائی مشیر ایاز خان نیازی، خالد جاوید وڑائچ او ردیگر نے بھی خطاب کیا۔ملک عامر ڈوگر، سید عباس علی شاہ، علی خان نیازی، ملک ابراہیم میتلا، اکرام الغنی،پاکستان مسلم لیگ قائداعظم اور تحریک انصاف کے دیگرعہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آج کا اخبار
اشتہارات