استعفوں کا اعلان عمران خان کا ایک اور غلط فیصلہ جلد یوٹرن لے لیں گے، قمر کائرہ

Published: 27-11-2022

Cinque Terre

لالہ موسیٰ (جمیل احمد چوہدری) وزیر اعظم کے مشیر برائے امورِ کشمیر و گلگت و بلتستان، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما چوہدری قمر زمان کائرہ نے لالہ موسیٰ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آج بھی حساس اداروں کو موردِ الزام ٹھہرا رہے ہیں اور ان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وہ اس میں نہ پہلے کامیاب ہوئے اور نہ اب کامیاب ہونگے۔ ہماری ساری زندگی کی جدوجہد یہ ہی تھی کہ حساس ادارے سیاست میں مداخلت نہ کریں۔اب اگر انہوں نے یہ اصولی فیصلہ کیا ہے تو ہمیں ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ عمران خان آج بھی اپنی جماعت کے ساتھ مل کر حساس اداروں کو یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کے حق میں مداخلت کی جائے۔ جہاں تک تعلق عمران خان کا استعفے دینے کا ہے تو انہوں نے پہلے بھی ایک غلط فیصلہ کیا تھا، آج ان کے غلط فیصلوں کی فہرست میں ایک اور فیصلہ شامل ہوگیا ہے۔ میرا خیال ہے کہ عمران خان اپنے اس فیصلے سے بھی یوٹرن لے لیں گے۔ اگر انہوں نے یہی فیصلے کرنے ہیں اور ملک کو بحرانوں میں دھکیلنا ہے تو ہمیں بھی دوسرے آپشن دیکھنے ہونگے۔ عمران خان جب قومی اسمبلی سے نکلے تھے تو اس کے بعد قومی اسمبلی گر نہیں گئی تھی۔

آج کا اخبار
اشتہارات