Published: 28-11-2022
راولپنڈی (ارشد علی سے)امیرجماعت اسلامی پنجاب وصوبائی صدرملی یکجہتی کونسل ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ عوام نے اسلامی ٹچ والو ں کومستردکردیا 2018کے الیکشن میں اہالیان راولپنڈی نے تحریک انصاف کووفاق اور پنجاب اسمبلی کی نشستوں پرعزت بخشی لیکن اقتدارمیں ہوتے بھی مسائل کے حل اورتعمیرکی بجائے تخریب کی وجہ سے عمران خان کی مقبولیت تیزی سے زمین بوس ہوگئی جس کے اثرات لانگ مارچ کی حاضری کی صورت گزشتہ ایک ماہ سے جی ٹی روڈ اورراولپنڈی میں پوری قوم نے دیکھے۔ن لیگ، تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی میں موجود سیاستدان گزشتہ70برسوں سے وفاق اور صوبوں پرقابض ہیں یہ عام آدمی پرظلم کرتے ہیں اور خودشورکرکے مظلوم بھی بنتے ہیں عوام نے ان چہرو ں کوپہچان لیا ہے2023کاالیکشن جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت اور ترازو کا ہے۔ان خیالات کااظہارانھوں نے بانی شاہ ہمدان فاؤنڈیشن فارایجوکیشن امریکہ پیرزادہ شاہ سلطان ابراہیم ہمدانی کی زیرصدارت منعقدہ عظیم الشان سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پیرزادہ شاہ سلطان ابراہیم ہمدانی،امیرضلع سیدعارف شیرازی سمیت دیگرذمہ داران،علماء ومشائخ نے بھی اظہارخیال کیا۔ امیرضلع تلہ گنگ پروفیسرطاہرملک،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان،صوبائی سیکرٹری انتخابی کمیٹی وامیدوارپی پی 12ظفر الحسن جوئیہ ایڈووکیٹ،،ضلعی سیکرٹری عتیق احمدعباسی،نائب امیرضلع سیدعزیرحامد،امیرزون چوہدری محمدامتیاز،امیدواراین اے 59محمدعارف چوہدری،امیدوارپی پی 10مرزا خالد محمودسمیت سادات ہمدانیہ اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے منسلک شخصیات اورعوام کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ منبرومحراب اور خانقاہیں اسلام کے فروغ کا ذریعہ ہیں، اسلام کوپھیلانے والے علماء ومشائخ ہمارے امام اور رہبرہیں ان کی پشتیبانی سے اللہ کے باغیوں سے نجات حاصل کرکے مسنداقتداردیانتداراور صادق وامین سراج الحق اوران کی ٹیم کے سپرد کریں گے۔امام ابراہیم ہمدانی کی امریکہ اورمغربی ممالک کے علاوہ راولپنڈی،چکوال ودیگراضلاع میں اسلام کی سربلندی اور علم کے فروغ کے لیے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔