وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی سے جاوید وڑائچ ایم این اے آصف مجید ایم پی اے کی ملاقات، رحیم یار خان کے منصوبوں پر گفتگو

Published: 13-12-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے ایم این اے جاوید وڑائچ اورایم پی اے آصف مجیدنے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اوررحیم یار خان میں جاری فلاح عامہ کے منصوبوں پربات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبودکیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں اور ہمارا بنیادی مقصد عوام کی خدمت ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی وفاقی حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام رہی ہے اوراس حکومت نے معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ملک بچانے کا نعرہ لگانے والوں نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ جو ملک بچانے نکلے تھے اب ان سے اپنی سیاست بھی نہیں بچ رہی۔مخالفین کو ملک کی کوئی پرواہ نہیں، یہ صرف اپنے کیس ختم کرا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال اورپرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آج کا اخبار
اشتہارات