Published: 14-12-2022
لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے صوبے میں سرکاری اخراجات میں کمی کیلئے بڑے فیصلے کرتے ہوئے کفایت شعاری پالیسی پر عملدر آمد کیلئے سخت ہدایات جاری کردی ہیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سرکاری محکموں کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی عائد کردی ہے اوروزیراعلیٰ آفس سمیت تمام سرکاری محکموں کے نان ڈویلپمنٹ اخراجات میں 50فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔چودھری پرویز الٰہی نے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ کفایت شعاری پالیسی پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب بھر میں سرکاری اراضی کامکمل ریکارڈ طلب کرلیاہے اورہدایت کی ہے کہ سرکاری اراضی کی تفصیلات 7روز کے اندر وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری اراضی کو شفاف طریقے سے نیلام کرنے کیلئے جامع پالیسی تیار کی جائیگی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے آؤٹ آف باکس اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے ریونیو بڑھانے کیلئے منفرد انداز سے نئے اقدامات متعارف کرائیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے مقرر کردہ ٹارگٹ پورا کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ اہداف کا حصول مقررہ مدت میں یقینی بنانا متعلقہ اداروں او رمحکموں کی ذمہ داری ہے۔متعلقہ محکمے ریونیو کے ٹارگٹس کے حصول کیلئے دن رات ایک کردیں۔ صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ریونیو میں اضافے سے صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولتیں دی جائیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری،سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی،ایم این اے حسین الٰہی،چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سیکرٹری خزانہ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں صوبے میں جاری ترقیاتی پروگرام اورمالیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔