چوہدری پرویز الٰہی، چوہدری مونس الٰہی سے اسد قیصر کی ملاقات، اہم امور بارے مشاورت

Published: 15-12-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اورسابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے تحریک انصاف کے رہنما وسابق سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ تینوں رہنماؤں نے بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال پرگہری تشویش کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر کہاکہ پی ڈی ایم کی حکومت سے نہ تو معیشت سنبھلی اور نہ بچی کھچی سیاسی ساکھ۔سیاست کی بجائے ریاست بچانے کا نعرہ لگانے والے عناصر بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں۔ پی ڈی ایم کے نااہل ٹولے نے چند ماہ کے دوران پاکستان کوبے پناہ معاشی نقصان پہنچایا ہے۔وفاقی حکومت کی کوئی ساکھ نہیں۔ شہبازشریف نے و زارت اعظمی کی کرسی کی عزت کا بھی خیال نہیں رکھا۔یہ پہلا وزیراعظم ہے جو دنیا بھر میں بھیک مانگتا پھر رہا ہے لیکن اسے کوئی بھیک دینے کو تیار نہیں۔پی ڈی ایم نے ملک کی عزت کو داؤ پر لگادیاہے۔عوام اس نااہل ٹولے سے عاجز آچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت انتقام کی آڑ میں بین الاصوبائی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا رہی ہے۔پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کے غیر قانونی ہتھکنڈوں کے خلاف بھرپور احتجاج کیا ہے۔ پنجاب کے فنڈز روک کر وفاق نے صوبے کے عوام سے کھلی دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف ہرفورم پر آواز اٹھائیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ معاشی انڈیکیٹرز یکسرمنفی  ہیں۔اسد قیصر نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے عوام دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ریسکیو 1122 کی تحصیل لیول تک توسیع اور موٹر بائیک ریسکیو سروس شروع کرنا وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کابے مثال کارنامہ ہے۔گزشتہ دور میں بھی چودھری پرویز الٰہی نے فلاح عامہ کے بہت سے کام کئے اورموجودہ دور میں بھی چودھری پرویز الٰہی پہلے سے بھی زیادہ متحرک ہیں۔

آج کا اخبار
اشتہارات