حکومت پنجاب: چوہدری شجاعت حسین سے آصف زرداری کی ایک دن میں دو ملاقاتیں

Published: 21-12-2022

Cinque Terre

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پنجاب سمیت ملک کی  بدلتی ہوئی مجموعی  سیاسی صورتحال کے پیش نظر  وزیراعظم شہبازشریف نے  سابق صدر   آصف علی زرداری کے  ساتھ ٹیلی فونک رابطہ  کیا ہے۔ ذرائع  کے مطابق  وفاقی کابینہ کے اجلاس سے  قبل وزیر اعظم نے سابق صدر آصف علی زرداری کو ٹیلی فون کیا اور انکے ساتھ  پنجاب کی سیاسی صورتحال سمیت ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔  آصف زرداری نے اپنے سیاسی رابطوں کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ ذرائع   کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ  ملک کو سیاسی و معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔  دونوں رہنماؤں نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے اقدامات پر بھی مشاورت کی۔ذرائع کے مطابق  ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم    نواز شریف اور آصف زرداری  کے درمیان بھی  ٹیلی فونک رابط ہوا ہے جس میں  پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے لیے مجوزہ اقدامات اور دیگر اپشنز پر بھی گفتگو کی گئی۔سابق صدر آصف علی زرداری نے گزشتہ روز مسلم لیگ ق کے سربراہ  چوہدری شجاعت حسین سے دوسری ملاقات کی جس میں اعتماد کے ووٹ اور تحریک عدم اعتماد پر حتمی مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ بہت جلد ہمارا وزیراعلیٰ پنجاب ہوگا۔ میٹنگ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے بھی رابطہ کیا گیا۔ اس موقع پر سندھ کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور وزیراعظم کے مشیر ملک احمد خان نے رہنماؤں کو اہم امور پر بریف دی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ بھی موجود تھے۔

آج کا اخبار
اشتہارات