Published: 21-12-2022
گجرات(نمائندہ ڈاک)تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات سید غضنفر علی شاہ کی زیر قیادت گجرات پولیس کی موٹر سائیکل چوروں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔ ڈی پی او گجرات سید غضنفر علی شاہ نے خصوصی ٹیم تشکیل دی،جس میں ڈی ایس پی کھاریاں سرکل میاں محمد ریاض،ایس ایچ اوتھانہ صدر کھاریاں SIارشد ڈفرانہ اور دیگر پولیس ملازمان شامل ہیں۔جنہوں نے ضلع بھر میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں متحرک گینگ کی گرفتار ی کا تحرک شروع کر دیا۔پولیس ٹیم نے دن رات محنت اور جدید سائنسی ٹیکنالوجی کی مدد سے گجرات اور گردونواح میں وارداتیں کرنے والے گینگ کوٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان میں 1۔قاسم محبوب ولد محمد بشیر سکنہ نیا آڑہ کھاریاں 2۔محمد حبیب ولد محمد الطاف سکنہ شیخا طاہر شامل ہیں۔ جنہوں نے ضلع گجرات میں موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ماسڑ چابیاں بنا رکھی تھیں اورشہر کی گلی محلوں میں کھڑی موٹر سائیکل کے لاک ماسٹر چابی کی مدد سے کھول کر چوری کر لیتے تھے۔ملزمان کے قبضہ سے چوری شدہ10 عدد موٹر سائیکل برآمدکر لیے گئے۔ جبکہ مزید تفتیش جاری ہے مزید انکشافات متوقع ہیں۔