Published: 11-10-2022
لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے عید میلادالنبی ؐ کی تقریبات پر صوبہ بھر میں بہترین انتظامات پراطمینان کا اظہار کیا ہے اور شاندار انتظامات پر انتظامیہ، پولیس، قانو ن نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کے اراکین کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت کے فول پروف انتظامات کے باعث پرامن ماحول میں تقریبات کا انعقاد ہوا اور صوبہ بھر میں عید میلادالنبیؐ کی تقریبات مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منائی گئیں۔قیام امن سے متعلقہ ادارے اور انتظامیہ بہترین کارکردگی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبیؐ پر پر امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے شبانہ روز محنت کی گئی۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متعلقہ اداروں اور حکام نے جانفشانی سے فرائض سرانجام دیئے۔ عید میلاد النبیؐ شاندار طریقے سے منانے کیلئے متعلقہ اداروں اور محکموں نے مل کربہترین انتظامات کئے۔ محکموں اوراداروں نے جس طرح ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ لندن سے تمام انتظامات کی بذات خود نگرانی کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اسی جذبے اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔