Published: 22-12-2022
لاہور (نمائندہ ڈاک)وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے اعتماد کا ووٹ لینے کے معاملہ پر حکمران اتحاد کی مشاورت اور اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری،چوہدری شجاعت اور وزیراعظم شہباز شریف کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے بھیٹیلی فونک گفتگو میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے اسپیکر کی طرف سے اجلاس غیر آئینی قرار دینے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور اتفاق کیا کہ اعتماد کے ووٹ بارے آئین قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، گفتگو میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ آئین کا آرٹیکل 130 اور پنجاب اسمبلی کے قواعد واضح ہیں، پرویز الٰہی نے آج اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو گورنر آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کرینگے، ذرائع کے مطابق حکمران اتحاد نے آئینی و قانونی ماہرین سے بھی مشاورت مکمل کرلی ہے۔ حکومتی رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ عدم اعتماد جمع ہوجائے یا اعتماد کے ووٹ کا معاملہ ہو اجلاس گورنر ہی بلائے گا، گورنر کے بلائے اجلاس کو اسپیکر روک نہیں روک سکتا۔مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہواہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال بالخصوص پنجاب کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔شہبازشریف نے آصف زرداری، چوہدری شجاعت سے ہونیوالی ملاقاتوں اور سیاسی رابطوں کے حوالے سے نوازشریف کو رپورٹ پیش کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے شہبازشریف کو اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ وفاقی وزراء اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کا نواز شریف سے ٹیلی فونک رابط کیا ہے اور پنجاب کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال۔ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی کے اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر انھیں وزیر اعلی کے عہدے سے کسی بھی وقت ڈی نوٹی فائی کیے جانے کاامکان ہے۔وفاقی وزراء کی قانونی ماہرین اور اٹارنی جنرل اشتر اوصاف سے بھی مشاورت کی ہے۔نواز شریف کی طرف سے گرین سگنل ملتے ہی پرویز الہی کو ڈی نوٹی فائی کردیا جائے گارات گئے وفاقی حکومت کی طرف سے بڑے اقدام کا امکان ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق سپیکر کے صدر کو لکھے گئے خط کی کوئی آئینی و قانونی اہمیت نہیں۔ صدر وزیراعظم کی ایڈوائس کے بغیر گورنر کو نہیں ہٹا سکتے، پنجاب کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق ٹیلیفونک رابطے میں دونوں رہنماوں نے پرویز الٰہی کے اعتماد کے ووٹ نہ لینے پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کو گورنر پنجاب سے مشاورت کرنے کی ہدایت کی۔ رابطے میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی