Published: 11-10-2022
گجرات (نمائندہ ڈاک) مرکز اہلسنّت نیک آبادمراڑیاں شریف سے جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں عظیم الشان تاریخ ساز جلوس نکالا گیا۔ قیادت پیشوائے اہلسنت پیر محمد افضل قادری، پیر عثمان افضل قادری ودیگر علماء ومشائخ نے کی۔ جبکہ ہزاروں غلامان رسول نے شرکت کی۔ جلوس پر جگہ جگہ گل پاشی کرکے شاندار استقبال کیا گیا۔ جلوس جی ٹی روڈ بائی پاس، شاہین چوک، سرگودھا روڈ، سٹاف گلہ سے ہوتے ہوئے چوک جی ٹی روڈ پر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر، نعرہ رسالت یارسول اللہ، آمد مصطفی مرحبا مرحبا، لبیک یارسول اللہﷺ، تاجدار ختم نبوت زندہ آباد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ محمدی بیکرز کے سامنے شمع رسالت کے ہزاروں پروانوں سے خطاب کرتے ہوئے مفسر قرآن پیشوائے اہلسنت پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ نبی اکرمﷺ کا نور اول الخلق ہے۔ اللہ کریم نے آپ کو رحمۃ للعالمینﷺ بنا کر مبعوث فرمایا۔ آپ سارے انسانوں دیگر تمام مخلوقات جن میں زمین وآسماں چاند تارے سیارے شامل ہیں اور تمام جہانوں کیلئے رحمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے اعلائے کلمۃ الحق کیلئے عظیم کردار ادا فرمایا اور کثیر غزوات بھی فرمائے۔ آج کشمیر، فلسطین، انڈیا اور دیگر ممالک میں مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں لیکن امت مسلمہ کے حکمران خواب غفلت میں ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ اور خصوصاً حکمران اسوہ رسولﷺ پر عمل یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دین کامل ہے، جو عقائد، عبادات، حقوق، اخلاقیات، معاملات، خدمت خلق، سیاست مدن، جہاد، اور جرائم وفتنہ فساد کے خاتمے کے احکامات پر مشتمل ہے۔ جبکہ اغیار کی کچھ قوتیں اسے عبادات تک محدود کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ناموس رسالت ختم نبوتﷺ کا مشن ہمیشہ جاری رہے گا۔ سود بدترین گناہ ہے اور پاکستان جیسے مقروض ملک سے بعض اسلامی ممالک سود لے رہے ہیں۔ وطن عزیز سے سود، فحاشی، اور مہنگائی کو ختم کیا جائے اور مسلمانان پاکستان کی دنیا وآخرت سنوارنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ پاکستان کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفیﷺ کا نفاذ ہے۔ اور ہمیشہ یہ نعرہ لگاتے رہیں گے کہ ہر دکھ کی دوا ہے نظام مصطفیﷺ۔ پیر صاحب نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ملک کے متاثرہ علاقوں میں جائزہ کمیٹیاں اور امدادی قافلے روانہ کئے۔ سرکاری مشینری کی کارکردگی مایوس کن جبکہ پاک فوج کی کاردگی شاندار ہے۔ سیاست دانوں کے رویئے درست نہیں انہوں نے قوم کو سخت مایوس کیا۔ اب وطن عزیز کیلئے ضروری ہے کہ صالح، باصلاحیت اور بااخلاق قیادت کو آگے لایا جائے۔