Published: 05-01-2023
لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے لاہور میں شعبہ صحت کے ایک اوربڑے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں چودھری پرویز الٰہی انسٹی ٹیوٹ آف پوسٹ گریجوایٹ سٹڈیز بنے گا-وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے یہاں پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں چودھری پرویز الٰہی انسٹی ٹیوٹ آف پوسٹ گریجوایٹ سٹڈیز کا سنگ بنیاد رکھا -وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی انسٹی ٹیوٹ آف پوسٹ گریجوایٹ سٹڈیز 3 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا جائے گا اورچودھری پرویز الٰہی انسٹی ٹیوٹ آف پوسٹ گریجوایٹ سٹڈیز کیلئے فنڈز مختص کر دیئے ہیں۔اس ادارے میں ایم بی بی ایس کے بعد ڈاکٹرز کو 17 سبجیکٹ میں سپیشلائز کرایا جائے گاجبکہ نرسنگ کے بعد نرسوں کو 10 سبجیکٹ میں سپیشلائز کرایا جائے گا-وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے نئے بلاک کے لئے 10 ایکڑاراضی مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے نئے بلاک کیلئے نالج پارک میں اراضی مختص کی جائے گی-وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے لئے بھی 2 ایکڑ اراضی مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے لئے نالج پارک میں اراضی مختص کی جائے گی- انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی انسٹی ٹیوٹ آف پوسٹ گریجوایٹ سٹڈیز میں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر مینجمنٹ کے حوالے سے کورسز کے مواقع فراہم کئے جائیں گے-پوسٹ گریجوایٹ ٹریننگ کیلئے جدید کورسز کرائے جائیں گے۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کیلئے بھی فنڈز مختص کر دیئے ہیں اور پی کے ایل آئی میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر یاسمین راشد اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر احمد جاوید قاضی نے چودھری پرویز الٰہی انسٹی ٹیوٹ آف پوسٹ گریجوایٹ سٹڈیز کے بارے میں وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی کو بریفنگ دی- صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر یاسمین راشد، اراکین اسمبلی حافظ عمار یاسر،سید صمصام بخاری، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی، سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان، سیکرٹریزاطلاعات، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، خزانہ،ڈی جی پی آر، چیئرمین پی کے ایل آئی پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید چودھری، ڈین پی کے ایل آئی پروفیسر فیصل ڈار، پی کے ایل آئی بورڈ کے ممبران اور متعلقہ حکام بھی تقریب میں موجود تھے-